سی پیک منصوبے ، ملازمتی مواقع کیلئے ایمپلائیمنٹ ایکسچینج پروگرام کا اجراء

سی پیک منصوبے ، ملازمتی مواقع کیلئے ایمپلائیمنٹ ایکسچینج پروگرام کا اجراء

لاہور(کامرس رپورٹر)پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کے عوام کو سی پیک منصوبے کے تحت پید ا ہونے والے ملازمتی مواقع سے مستفید کرنے کیلئے ایک ایمپلائیمنٹ ایکسچینج پروگرام کا اجراء کر دیا ہے جس کیلئے روزی پی کے(Rozee.pk) کے اشتراک سے اردو، انگریزی اور چینی زبان میں تشیکل دی گئی ویب سائٹ کا افتتاح آج ویب سائٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن رحمان اور پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاک چین جوائینٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر اقبال قریشی، نائب صدر رانا محمد اقبال، سینئر ممبر معظم گھرکی اور سابق صدر مسٹر وانگ زہائی سمیت متعدد صنعتکاروں اور تاجروں نے شرکت کی۔اس موقع پر پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید نے خطبہءِ استقبالیہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرنے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو سی پیک کے تحت پیدا ہونے والے لاتعداد ملازمتی مواقع کے بارے میں آگاہی نہیں تھی، ہم نے روزی پی کے (Rozee.pk)کے ساتھ ملکر معلومات کے اس خلاء کو پر کرنے کا پروگرام تشکیل دیا ہے جس سے اچھی ملازمتوں کے خواہشمند حضرات و خواتین گھر بیٹھے آن لائن سی پیک منصوبے سے وابستہ ملازمتی مواقع تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستانی ، بلکہ اس ذریعہ سے چینی باشندے بھی پاکستان میں چینیوں کیلئے مخصوص ملازمتوں تک دسترس حاصل کر سکیں گے۔روزی پی کے، کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن رحمان نے اپنے خطاب کے دوران چینی قوم کا شکریہ اداکیا کہ جن کے مخلصانہ تعاون سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نہ صرف اقتصادی میدان میں بلکہ سماجی اور ثقافتی شعبوں میں بھی پاکستان کے ساتھ ہم آہنگی کی خواہشمند ہے۔جس طرح ہم پاکستان میں چینی زبان کو فروغ دے رہے ہیں عین اسی طرح چین بھی اپنے ہاں اردو زبان کی طرف اپنی عوام کو راغب کر رہا ہے۔ انہون نے کہا کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر کے اشتراک سے تشکیل دیا جانے والا ایمپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ ابلاغ اور معلومات کی راہ میں حائل رکاوٹو ں کو دور کر کے ہی سی پیک منصوبے کے حقیقی فائدوں کو عوام تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے امید کی کہ متذکرہ پروگرام ، پاکستان میں بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں کلیدی کردار انجام دے گا۔پاک چین جوائینٹ چیمبر کے سابق صدر اور معروف چینی بزنسمین مسٹر وانگ زہائی نے اپنے خطاب میں روزگار کی فراہمی سے متعلق ایک موٗثر پروگرام کے اجراء پر چیمبر کے موجودہ صدر ایس ایم نوید کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انکا یہ اقدام سی پیک منصوبے کے فائدوں کو عوامی سطح تک لانے میں ایک مظبو ط بنیاد ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا پاکستان کے دیگر قومی اداروں کو بھی اپنے اپنے دائرہءِ کار کو عوامی سطح تک لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔افتتاحی تقریب سے پاک چین جوائینٹ چیمبر کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تربیت او ر ہنر کے بغیر اچھی ملازمتوں پر رسائی اور کامیابی ممکن نہیں لہٰذاہ پاک چین جوائینٹ چیمبر کے قائدین نہ صرف مہارتوں کے فروغ پر زور دیتے آئے ہیں بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات بھی کرتے رہے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال چینی زبان کی کلاسوں کا اجرا ء ہے جو سب سے پہلے پاک چین جوائینٹ چیمبر نے شروع کیں۔انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو سی پیک سے پید ا شدہ ملازمتی مواقع تک رسائی کیلئے ملک کے پہلے ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے قیام کا سہر بھی پاک چین جوائینٹ چیمبر کے سر بندھا ہے جو ہماری عوامی سوچ کا غماز ہے۔

مزید : کامرس