رائیونڈ روڈ پر ماڈل بھٹہ خشت کا کامیاب ٹرائل پر افتتاح

رائیونڈ روڈ پر ماڈل بھٹہ خشت کا کامیاب ٹرائل پر افتتاح

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنوازنے رائیونڈ روڈ پر قائم ہونے والے ماڈل بھٹہ خشت کا کامیاب ٹرائل پر افتتاح کردیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماہرین پر مشتمل ٹیم نے بارہااسکی کارکردگی کو چیک کیا ہے اور آج اس کی کامیابی پر ہم بھٹہ پنجاب ایسوسی ایشن کے تما م مالکان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ اب صوبہ بھر کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی سے مزین ہوسکیں گے یہ جدید ٹیکنالوجی خصوصی طور پر نیپال سے منگوائی گئی ہے بہت سے مالکان نیپال سے پہلے سے ہی ان بھٹوں کی آپریشنل ٹریننگ حاصل کرچکے ہیں اس کے ذریعے نہ صرف A Class اینٹوں کا حصول ممکن ہو سکے گا بلکہ اس میں جلنے والا ایندھن مکمل طور پر جل کر ہمیں اقتصادی میدان میں سہارا دینے کا باعث بنے گا اس ماحول دوست بھٹے کامقصدسارے بھٹوں کو نئی ماحول دوست بھٹہ ٹیکنالوجی کو بھٹہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے پرانی طرز کے بھٹوں پر منتقل کرنا ہے اس کے استعمال سے فضا میں کاربن کااخراج کم سے کم ہوتا ہے۔

اور دھواں بھی سیاہ نہیں ہوتا اس میں 40 سے60 فیصد تک لاگت کم آتی ہے اور پیدا وار بہت زیادہ ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے ٹرائل پر چلنے والے اس بھٹے کا مسلسل تجزیاتی جائزہ لیا جاتارہاہے اس کی کامیابی کے بعد اب پنجاب کے سارے بھٹوں کو نئی ٹیکنالوجی پر شفٹ کر دیا جائے گا ۔ اس موقع پر سیکرٹری تحفظ ماحول ریٹائرڈکیپٹن سیف انجم نے کہاآئندہ پانچ سالوں کے لیے پائلٹ پروگرامز کے ذریعے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جن میں برک کلن کی آلودگی پر بھی کام کرنا شروع کر دیا گیا ہے آئندہ پانچ سالوں میں3 مرحلوں میں بھٹہ ،مالکان کے ساتھ ملکر کام کیا جائے گا فرسٹ فرسٹ فیز میں فری40 ماڈل بھٹے ،سیکنڈ فیز میں 300 مزید ماڈل بھٹے مساوی پارٹنرشپ پربنائے جائیں گے جبکہ تھرڈ فیز میں زیرو انٹرسٹ پر بنیکوں سے بھٹہ مالکان کوقرضے دلوائے جائیں گے غرضیکہ آ ئیندہ پانچ سالوں میں فل گرانٹ اور میچنگ گرانٹ دی جائے گی ہر طرح کی فنی معاونت بھی فراہم کی جائیگی محکمہ بہت عرصے سے فضا میں آلودگی پیدا کرنے والے بھٹوں کو جدید اور بہترین لائحہ عمل دینے اور اس حوالے سے متبادل طریقہ کار وضع کرنے سے متعلق سرگرم عمل رہا ہے اور آج محکمہ اپنی اس کاوش میں کامیاب ہو رہا ہے اس طرح کے مزید چار اور بھٹے بھی بنائے جارہے ہیں اس سلسلے میں بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدر کے تعاون کے شکرگزار ہیں اور امید واثق ہے کہ اب عملی طور پر پنجاب میں نئے جدید ٹیکنالوجی پرمشتمل بھٹوں کے قیام میں تمام بھٹہ مالکان ہمارا ساتھ دیں گے کیونکہ محکمہ کو ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کروانے میں آپ سب کی معاونت درکار ہے بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدر محمدشیعب اور حاجی اکرام نے حکومت کی اس کوشش کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اس موقع پرڈائریکٹر جنرل آصف اقبال ، ڈائریکٹر تحفظ ماحول نسیم الرحمان ،بھٹہ ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور محکمہ تحفظ ماحول کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4