شیرا کوٹ:7سالہ بچے کی بد اخلاقی کے بعد ہلاکت معمہ بن گئی

شیرا کوٹ:7سالہ بچے کی بد اخلاقی کے بعد ہلاکت معمہ بن گئی

لاہور (خبر نگار)شیرا کوٹ کے علاقہ میں مبینہ بد اخلاقی کے بعد قتل ہونے والے 7سالہ بچے کی ہلاکت پولیس کے لیے معمہ بن گئی۔18روز گذر جانے کے باوجود پولیس کی تفتیش ایک انچ بھی آگے نہ بڑھ سکی۔ تفصیلات کے مطابق محمد ٹاؤن کے رہائشی محنت کش کا7سالہ بیٹا محمد ساجد 18روز قبل گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اُسے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ پولیس نے کم سن ساجد کے والدین کی درخواست پر کاروائی کرنے کی بجائے ٹال دیا اور 36گھنٹے بعد کم سن ساجد کی گھر سے ایک کلومیٹر دور یوسف نگر میں واقع ایک زیر تعمیر گھر سے نعش برآمد ہوئی۔ پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں کم سن ساجد کی ہلاکت کو مبینہ بداخلاقی کے بعد قتل ہونے کا واقعہ قرار دیا ۔ مقتول کم سن ساجد کے والد محمد ساون کے مطابق وہ پولیس کے پاس چکر لگا لگا کر تھک گیا اور 18روز گذر جانے کے باوجود پولیس اُس کے کم سن بیٹے کے قاتلوں کا سراغ نہیں لگا سکی ہے۔ وزیراعلیٰ نوٹس لے کر اُسے انصاف دلائیں۔ جبکہ اس حوالے سے تفتیشی افسر ارشد طور کا کہنا ہے کہ 30سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور حراست میں لیے جانے والے 30افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

مزید : علاقائی