پارلیمنٹ کو ملامت افسوسناک ، منتخب حکومت دھرنوں سے گرانے کی کوششیں جمہوری اصولوں کیخلاف ہیں : پلڈاٹ

پارلیمنٹ کو ملامت افسوسناک ، منتخب حکومت دھرنوں سے گرانے کی کوششیں جمہوری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) پلڈاٹ نے کہا ہے کہ منتخب حکومت کو تحریک اور سڑکوں پر دھرنوں کے ذریعے گرانے کی کوششیں جمہوری اقدار اور اصولوں کیخلاف ہیں۔ اپنے بیان میں پلڈاٹ نے کہا ہے کہ منتخب حکومتیں عوام کی طرف سے دیئے گئے مینڈیٹ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ مصروف شاہراہیں بند کرنےِ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں تک رسائی میں رکاوٹ کے ذریعے ان حکومتوں کو گرانا جمہوریت کے اصولوں کیخلاف ہے۔ جمہوریت لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے اور ان کے ذریعے حکومت چلانے کا حق دیتی ہے۔ اس قسم کی تحریک کی وجہ سمجھنا بہتمشکل ہے جبکہ حکومت کی مدت اگلے پانچ مہینوں میں ختم ہو رہی ہو۔ یہ نہ صرف غیر جمہوری عمل ہے بلکہ منتخب حکومت کو گرانا ملک میں انتشار اور آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کو بھی خطرے میں ڈالا سکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے اس طرح کے کھلے عام حکومت گرانے کے اعلانا ت نہ صرف ملکی سلامتی کو خطرے سے دو چار کررہے ہیں بلکہ یہ سیاسی جماعتیں اپنی نمائندگی کے اصول کی بھی واضح خلاف ورزی کررہی ہیں۔ کچھ سیاستدانوں کی طرف سے پارلیمنٹ کو ملامت کرنے کیلئے غیر مناسب الفاظ کے استعمال پر افسوس ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ارکان اور پارلیمنٹ کی کارکردگی پر تنقیدی جائزہ اور تبصرہ کیا جاسکتا ہے لیکن وہ ادارے جو عوامی رائے کی نمائندگی کرتے ہوں ان پر ملامت کرنا کسی بھی تہذیب یافتہ معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ پارلیمنٹ کی ملامت کرنا پاکستان کے شہریوں کی مذمت کرنے کے مترادف ہے جمہوری اقدار کے حامی تمام لوگوں کو اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔

مزید :

علاقائی -