پاکستان اور فرانس کا دوطرفہ پارلیمانی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور فرانس کا دوطرفہ پارلیمانی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

  

پیرس(آئی این پی ) پاکستان فرانس دوستی گروپ کے کنو ینئیراور چیئر مین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر لیفٹیننٹ جنر ل ( ر )عبدالقیوم نے کہا ہے پاکستان فرانس کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، کامرس، تجارت، سرمایہ کاری، سائنسی تحقیق، توانائی، ما حو لیا ت اور تعلیم کے میدانوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور فروغ دینے کا خوا ہاں ہے،دوطرفہ پارلیمانی تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے، پاکستانی قوم بے مثال قربانیوں کے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندقوتوں کو شکست دے چکی،جس سے پاکستان کی ترقیاتی شرح میں گرانقدر اضافہ ہوا ، تعمیراتی و سماجی شعبوں میں بھی خاطرخواہ ترقی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر پاسکل آلیزارڈ، پاکستان فرانس دوستی گروپ برائے فرانسیسی سینٹ کے دعوت نامہ پرجنرل (ر)عبدالقیوم کی سربراہی میں چار رکنی پار لیما نی وفد نے فرانس کیساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے فرانس کا دو روزہ کیا، وفد میں فاٹا سے سینیٹر محمد صالح شاہ، بلوچستان سے سینیٹر محمد عثمان کاکڑ اور خیبر پختونخوا سے سینیٹر باز محمد خان بھی شامل ہیں، دورے کے دوران کرسچن کمیبون، صدر فرانسیسی کمیشن آف خارجہ امور و دفاع، مسٹر جین برنا ڈ سمپاستوس جو فرانسیسی پارلیمنٹ میں فرانس پاکستان دوستی گروپ اور تھیری پفلیملن صدر پاکستان فرانس بزنس کونسل سے بھی ملاقاتیں کیں، اس کے علاوہ وفد نے وزارت دفاع اور خارجہ امور میں بریفنگ بھی لی۔ ملاقاتوں میں پاکستانی وفد نے کہا فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے وفد اور فرانسیسی سینٹ میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے وفود نے گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان کے جودورے کئے تھے وہ باہمی پارلیمانی تعلقات کے فروغ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوئے ہیں۔ وفد نے فرانسیسی سینٹ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ان مواقعوں پر سینیٹر عبدالقیوم نے کہا فرانس یورپ کا کلیدی ملک ہے، دوطرفہ پارلیمانی تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ فرانسیسی صدر اور وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموارہوسکے۔ سینیٹرزنے فرانسیسی ہم منصبوں کو جنوبی ایشیا کی صورتحال پر بریفنگ دی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض مسلح افواج کے نہتے کشمیروں پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے بھی آگاہ کیااورسکیورٹی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے فرانس کو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام لانے اور مسئلہ کشمیر کو سکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرناپر زور دیا۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور فرانس نے دوطرفہ پارلیمانی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

پاک فرانس اتفاق

مزید :

علاقائی -