پاکستانی نژاد نصرت غنی برطانیہ کی پہلی مسلم خاتون وزیر بن گئیں

پاکستانی نژاد نصرت غنی برطانیہ کی پہلی مسلم خاتون وزیر بن گئیں

لندن ( آن لائن )پاکستانی نژاد برطانوی پارلیمینٹرین نصرت غنی نے برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مسلمان خاتون وزیر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس سے قبل بھی برطانیہ میں کئی پاکستانی نژاد مسلمان سیاستدان برطانیہ کے کئی اہم سرکاری عہدوں پر تعینات ہونے کے اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔نصرت غنی سے قبل 2017 میں پاکستانی نژاد شبنم چوہدری اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی نہ صرف پہلی پاکستانی بلکہ پہلی ایشیائی و خاتون سپرنڈنٹ بنی تھیں۔اسی طرح میئر لندن صادق خان بھی وہ پہلے پاکستانی نژاد اور مسلمان ہیں جو دنیا کے اہم ترین شہروں میں سے ایک کے میئر منتخب ہوئے۔اعزاز حاصل کرنے کے بعد نصرت غنی نے ٹوئٹ کی کہ وہ پہلی مسلم خاتون وزیر بننے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔انہوں نے پہلی بار مسلمان خاتون وزیر کی حیثیت سے کامن آف ہاؤس ڈسپیچ باکس میں اپنی تقریر کی ویڈیو بھی شیئرکی۔نصرت غنی کو ٹرانسپورٹ وزارت کا قلمدان دیا گیا ہے جو وہاں کی اہم ترین وزارتوں میں سے ایک ہے۔نصرت غنی ستمبر 1972 میں برطانیہ کی ریاست انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں پیدا ہوئیں جہاں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد برمنگھم سٹی یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔نصرت غنی نے سیاست میں آنے سے قبل مختلف فلاحی تنظیموں کیساتھ بھی کام کیا، وہ بریسٹ کینسر سمیت مختلف شعبوں کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کیساتھ منسلک رہیں۔

مزید : علاقائی