شہبازشریف کو ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا حساب دینا ہو گا‘ پرویزالٰہی
لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف اللہ کی پکڑ میں ہیں، شہبازشریف کی حکومت ہوتے ہوئے صوبے میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا، تمام سیاسی جماعتوں کے اپنے اپنے منشور ہیں لیکن سب جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کیلئے اکٹھی ہیں، شہبازشریف کو ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا حساب دینا ہو گا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ محمد بشارت راجہ، علامہ ظہیر الحسن، علامہ مبارک علی اور آصف رضا بھی ملاقات میں شریک تھے۔ پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو عوام کے جان و مال سے نہیں کھیلنے دیں گے، اس وقت پنجاب میں امن و امان کی صورتحال نہایت ابتر ہے۔ ملاقات میں متحدہ اپوزیشن کی کوششوں کو سراہا گیا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قصور کے شہدا کے خون کا قصاص لینے تک احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
پرویزالٰہی