اسمبلیاں آج تحلیل بھی ہو جائیں تو قبل از وقت انتخابات ممکن نہیں : وزیر اعظم

اسمبلیاں آج تحلیل بھی ہو جائیں تو قبل از وقت انتخابات ممکن نہیں : وزیر اعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ہے، آج بھی اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں تو قبل از وقت انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ، کچھ لوگوں نے شیروانیاں سلوا کر رکھی تھیں مگر انہیں موقع نہیں ملا ، انہیں پیغام دیتا ہوں وہ شیروانیاں اتار کر الماریوں میں رکھ دیں ،انتخابات گرمیوں میں ہی ہونگے۔محمد نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ملک میں ترقی کی بنیاد رکھی ،جمہوریت کو فروغ دیا ، ان پر آمریت سے قربت کا تعلق الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ایک انٹرویو میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف اور ضیا الحق کے درمیان تعلق پر تاریخی جھوٹ بولا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ممبران اسمبلی کو ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں جبکہ ان کی نگرانی کے حوالے سے بھی خبریں سامنے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو اس بات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس قسم کے کام ملکی سیاست میں ہوتے رہے ہیں اور ہمیں ان سے سبق لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی اگر اس حوالے سے بیانات دیتے ہیں تو وہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اب اس قسم کے معاملات سیاست میں نہیں ہو رہے ۔

وزیراعظم

مزید : صفحہ اول