تحریک انصاف کے امجد نیازی کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

تحریک انصاف کے امجد نیازی کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن امجد خان نیازی نے ایوان میں کھڑے ہو کر مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر دیا،ڈپٹی سپیکر کی جانب سے مائیک نہ دینے پر امجد خان نیازی کی جانب سے استعفیٰ کا اعلان ریکارڈ کا حصہ نہ بن سکا،پی ٹی آئی رکن نے ایوان میں کھڑے ہو کر پارلیمنٹ پر لعنت کے الفاظ دہرا دئیے، پارلیمنٹ کیخلاف الفاظ استعمال کرنے پر امجد خان نیازی اور پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کے بیان پر بحث کے دوران تحریک انصاف کے ارکان شہریار آفریدی،عامر ڈوگر ،غلام سرور خان اور ساجد احمد بات کرنے کیلئے ڈپٹی سپیکر سے مائیک مانگتے رہے ،جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ سب کو بات کرنے کا موقع ملے گا مگر اپنی باری کا انتظار کریں، بعد ازاں بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کے رکن امجد خان نیازی نے ایوان میں کھڑے ہو کر مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں لعنت بھیجتا ہوں اس ایوان پر اور میں اس ایوان سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر تا ہوں ،اس موقع پر امجد خان نیازی اور پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،امجد خان نیازی اپنے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرنے کے بعد ایوان سے چلے گئے ۔ دوسری جانب سپیکر سیکر ٹریٹ کا کہنا ہے کہ امجد خان نیازی کی جانب سے بغیر مائیک کے استعفیٰ کا اعلان کیا گیا،اسلئے اسکی کوئی اہمیت نہیں۔

امجد نیازی

مزید : کراچی صفحہ اول