کوئٹہ دہشتگرد وں کی فائرنگ سے 2ایف سی اہلکار اور 2خواتین پولیو ورکر جاں بحق

کوئٹہ دہشتگرد وں کی فائرنگ سے 2ایف سی اہلکار اور 2خواتین پولیو ورکر جاں بحق

  

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں میں دو ایف سی اہلکار اور دو خواتین پولیو ورکرز جاں بحق ہوگئے۔کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔دہشت گردی کے اس واقعے میں ایف سی کے 2 اہلکار محمد الیاس اور شوکت موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ جاوید شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔دوسرا واقعہ شالکوٹ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، دونوں خواتین آپس میں ماں بیٹی تھیں۔واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

کوئٹہ/فائرنگ واقعات

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پولیو ٹیموں پر حملہ ملک کے مستقبل پر حملہ ہے‘ پرعزم کارکن قوم کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں،بلوچستان حکومت پولیو ٹیموں کو مکمل سکیور ٹی فراہم کرے، وزیراعظم نے دو خاتون پولیو ورکرز کے قتل کے واقعے پر چیف سیکرٹری‘ آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی اور اس کیساتھ واقعہ میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔دریں اثناء وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیو مہم کے دوران دو پولیو ورکرز کو نشانہ بنائے جانے پرزور الفاظ میں مذمت کی اور اس واقع میں شہید ہونے والی پولیو ورکرز ماں اور بیٹی کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم/رپورٹ طلب

مزید :

کراچی صفحہ اول -