ہم عوامی تائید سے اسلامی انقلاب لائیں گے،سراج لحق

ہم عوامی تائید سے اسلامی انقلاب لائیں گے،سراج لحق

  

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک خطرات میں گھرا ہوا جبکہ حکمران توبہ کرنے کی بجائے مخلوق خدا پر حکم چلانے کے لیے فرعون بنے ہوئے ہیں، زینب جیسی بیٹیاں اگر درندگی کا نشانہ بن رہی ہیں اور انہیں قتل کر کے کوڑے کے ڈھیروں پر پھینکا جارہاہے تو اس کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو مغرب کے اشارے پر ملک میں سیکولرازم اور لبرل ازم کے ذریعے فحاشی و عریانی اور بے حیائی کو دعوت دے رہے ہیں ، تمام خرابیوں کی جڑ حکومت ہے،ملک میں کرپشن ، غربت ،جہالت اور بے روزگاری اسٹیٹس کو کے پجاری حکمرانوں کی وجہ سے ہے اگر کسی کو انصاف ، تعلیم اور علاج نہیں مل رہا تو اسے حکمرانوں کا گریبان پکڑنا چاہیے ،جماعت اسلامی ملک میں اپنے نہیں ، نظام مصطفےٰؐ کے لیے حکومت چاہتی ہے ، موجودہ حکومت کا مقصد عالمی اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی اور عوام کو نچوڑ کر دولت بیرون ملک منتقل کرنا رہ گیاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت کی مجلس شوریٰ کے تین روز ہ اجلاس کے آخری سیشن اور مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا حکمرانوں اور عوام کے درمیان زمین و آسمان کے فاصلے ہیں حکمران خود کو آسمانی مخلوق اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں اگر حکمران زینب ، شریفاں بی بی اور عطیہ کو اپنی بیٹیاں سمجھتے تو انہیں اس طرح درندگی کا نشانہ نہ بنایا جاتا ۔ حکمرانوں کے ایجنڈے میں عوام کے جان و مال کی حفاظت سرے سے موجود ہی نہیں ۔ ہم غلبہ دین کے لیے ڈنڈے اور بندوق کے قائل نہیں بلکہ عوام کی تائید اور عوام کے ووٹوں سے ملک میں اسلامی انقلاب لائیں گے ۔ جماعت اسلامی کی حکومت میں تعلیم اور علاج مفت ہوگا ۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی اور آئندہ انتخابات میں کرپٹ اور بددیانت لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -