لاقانونیت میں پنجاب پہلے نمبر پر ہے،میاں محمودالرشید
لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ56کمپنیوں کا معاملہ زیر بحث تھا کہ آشیانہ فراڈ بھی سامنے آ گیا، گھر دینے کا جھوٹا وعدہ کرکے غریب اور بیواؤں سے مذاق کیا گیا،شہباز شریف تاریخ کے متنازع ترین وزیراعلیٰ ثابت ہوئے، پنجاب کے ہرمنصوبے میں کرپشن، کمیشن، مالی بے ضابطگیوں کی بازگشت سنائی دی،میٹرو بس، اورنج ٹرین، سستی روٹی یا آشیانہ سکیم کوئی منصوبہ شفاف نہیں، لاقانونیت میں بھی پنجاب پہلے نمبر پر ہے،پنجاب کے نوٹس اعلیٰ کی عملی کارکردگی صفر جمع صفر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے دور اقتدار میں ہی پولیس کو بے لگام دیکھا گیا، سال2017ء میں جرائم کی شرح میں81فیصد اضافہ ہوا، ماڈل ٹاؤن اور قصور جیسے سانحات، انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کا کوئی بھی معاملہ اٹھا لیں پنجاب حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی اور نہ ہی کوئی جامع منصوبہ پیش کر سکی ۔