سرکاری وکیل آئندہ سماعت پر لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش کریں: ہائیکورٹ

سرکاری وکیل آئندہ سماعت پر لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش کریں: ہائیکورٹ

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ روکنے کی درخواست کا عدالتی حکم کے باوجود جواب داخل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش کیا جائے ورنہ سیکرٹری پاور اینڈ انرجی خود عدالت میں پیش ہوں ۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے یہ کارروائی اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست پر کی ہے ،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے لوڈ شیڈنگ شیڈول اور جواب پیش کرنے کے لئے مزید مہلت دینے کی استدعا کی ، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے تو شیڈول عدالت میں پیش کر دیا جائے کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ، سرکاری وکیل آئندہ سماعت پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیش کریں ورنہ سیکرٹری پاور اینڈ انرجی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ موسم سرما میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے کاروباری اور معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہو رہیں ہیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موسم گرما میں لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر ہونے والی درخواستوں پر بھی حکومت نے کوئی موقف نہیں دیا ،ملک میں جاری بجلی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا حکم دیا جائے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک سرکاری وکیل کو لوڈشیڈنگ شیڈول اور جواب داخل کروانے کاحکم دے دیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -