سانحہ قصور:ہائیکورٹ بار کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان کی مذمت

سانحہ قصور:ہائیکورٹ بار کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان کی مذمت

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرچودھری ذوالفقار علی،نائب صدرراشد جاوید لودھی، سیکرٹری عامر سعید راں اورفنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے اس بیان کی پرزور مذمت کی جس میں انہوں نے سانحہ قصور میں معصوم بچی زینب کے ساتھ ہونے والی بداخلاقی پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بیان دیا کہ بداخلاقی کے ذمہ دار بچی کے گھر والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ان کا وزیراعظم نالائق اور احمق شخصیت کا مالک ہے جسے اپنے منصب کی کوئی پرواہ نہیں اوراس نے صرف اپنے آقاؤں کی خوشامد اور آشیرباد کی خاطر غیر ذمہ دار انہ بیانات دینا اپناوتیرہ بنالیا ہے۔ بجائے اس کے کہ وہ زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے گھر والوں سے اظہار ہمدردی کرتے انہوں نے شرمناک بیان دے کرنہ صرف زینب کے والدین کے زخموں پر نمک چھڑکا بلکہ تمام پاکستانیوں کی دل آزاری کی ہے۔ راجا فاروق حیدروزیراعظم آزاد کشمیر ناصرف استعفیٰ دیں بلکہ پوری قوم سے معافی مانگیں۔

مزید : صفحہ آخر