پارلیمنٹ کو گالی کی توقع شیخ رشید سے تھی، عمران سے نہیں: نیئرنیازی
اسلام آباد (آئی این پی) سابق چیئرمین سینٹ اور پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری نے عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کو گالی دینے پر سخت رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہااس بات کی توقع شیخ رشید سے کی جاسکتی ہے مگر ایک ایسے شخص سے جو ایک سیاسی پارٹی کا سربراہ ہو اور مستقبل میں ملک کا وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہو یہ توقع نہیں کی جاسکتی۔ پارلیمنٹ ریاست کی ماں ہے ، اسے گالی دینا ریاست کو گالی دینے کے مترادف اور جمہوری روایات کیخلاف ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگومیں انکا مزید کہنا تھا منی لانڈرنگ کے کاریگر اسحاق ڈار اب وعدہ معاف گواہ نہیں بلکہ مجرم بن چکے ہیں۔ دارالحکومت میں جتنی بھی ہاؤسنگ سو سا ئٹیا ں ہیں وہاں قبرستان کیلئے اراضی مختص نہیں کی گئی اور وہاں کے مکین قبرستان کیلئے جگہ ڈھونڈتے ہیں۔ سیاست میں روز بروز تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں لیکن ہر سیاستدان کو ہمیشہ تول کر بولنا چاہئے۔ عمران خان جو ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں کو یہ ہرگز زیب نہیں دیتا کہ وہ اس پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ جس وقت شیخ رشید اور عمران خان نے یہ بیانات دیئے میں وہاں موجود نہیں تھا۔