پولیس لاپتہ بچوں کی بازیابی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے: سندھ ہائیکورٹ
کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو لاپتہ بچوں کی بازیابی یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں گزشتہ روز 19بچوں کے اغوا اور گمشدگی کے کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے جواب داخل کرادیا گیا۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ 19میں سے اب تک 6بچے بازیاب کرائے جا چکے ہیں۔ عدالت نے باقی 13بچوں کو بھی بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تلاش کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے۔ والدین نے عدالت میں درخواست کی کہ 19بچے شہر کے مختلف علاقوں سے اغوا کیے گئے ہیں جن کی عمریں ڈھائی سے 14 سال ہیں۔