ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کا خیر مقدم

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کا خیر مقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوہاٹ (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے جرما اور دیگر موضع جات کے رہائشیوں کی جانب سے ڈیڈلائن ختم ہونے سے پہلے ہی ایریگیشن ڈویژن کی پراپرٹی سے رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر افراد بھی جرما اور دیگر موضع جات کی تقلید کرتے ہوئے تجاوزات مقررہ ڈیڈلائن کے اندر ہی ہٹا دیں گے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیں گے۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ریموول آف انکروچمنٹ ایکٹ کے تحت کوہاٹ میں ایریگیشن ڈویژن کی پراپرٹی پرقائم تجاوزات ہٹانے کے لئے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کئے تھے جس میں ان سے کہا گیاتھاکہ وہ 7دن کے اندراندر سرکاری پراپرٹی پر قائم تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹائیں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ خود کارروائی کرے گی تاہم جرما اور دیگر موضع جات کی رہائشیوں نے ڈیڈلائن ختم ہونے سے پہلے ہی رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانا شروع کر دی ہیں۔خالد الیاس نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی یااملاک پر غیر قانونی تجاوزات یا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا چاہے کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایاکہ کوہاٹ کو ہر صور ت قبضہ مافیا سے پاک کیا جائے گا۔دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ نجیب اللہ نے ریونیو تحصیل کا اچانک دورہ کیا اورپٹواریوں اور گرداوروں کو زیر التواء تما م ریونیو کیسز30دن میں نمٹانے جبکہ انتقالات 10دن میں مکمل کرنے اور کسی قسم کی بدعنوانی نہ کرنے کی ہدایت کردی ۔ انہوں نے تحصیل بلڈنگ کے دورے کے دوران عمارت اور کمروں کی تزئین و آرائش اور ریونیو ریکارڈ کو صحیح اوراپ ڈیٹ رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے اس موقع پر عوام کے مسائل معلوم کئے اور کہا کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کریں۔