کوہاٹ میں ریسکیو 1122کا باقاعدہ افتتاح

کوہاٹ میں ریسکیو 1122کا باقاعدہ افتتاح

  

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ خیبر پختونخواضیاء اللہ بنگش ایم پی اے نے تحصیل ناظم کوہاٹ ملک تیموراورڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے ہمراہ جمعرات کے روز میونسپل ٹاؤن ہال کوہاٹ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ریسکیو1122سروس کے اجراء کا باقاعد ہ افتتاح کردیا۔اس موقع پرمتعلقہ حکام کو ایمبولینسز، فائر بریگیڈاورواٹر بوزر پر مشتمل فلیٹ حوالہ کردیا گیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک نے اپنے دورہ کوہاٹ کے موقع پر یہاں کے لئے مذکورہ سروس کے اجراء کا اعلان کیا تھا جسے آج عملی جامہ پہنایاگیا۔کوہاٹ کے عوامی اور سماجی حلقوں نے ضلع میں ریسکیو1122سروس کے اجراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیاہے اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔اس موقع پربریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ میونسپل کمیٹی کے علاوہ کے ڈی اے کوہاٹ،لاچی، شکردرہ اور گمبٹ میں ریسکیو1122کے مراکز قائم کئے گئے ہیں اور آج سے اس سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیاہے یہ سروس مکمل فری ہے اور کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں چاہے دن ہو یا رات،آندھی ہو یا طوفان،زلزلہ ہو یاآگ اور حادثہ ہو یا سانحہ 1122پر مفت کال کی جاسکتی ہے۔اسی طرح عوام دل کادورہ،مرگی ، بے ہوشی، زچگی، جلن، چھت سے گرنے،کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات کی صورت میں بھی مفت اور فوری طور پر امداد کے لئے ریسکیو 1122پر کال کر سکتے ہیں۔مذکورہ سروس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سروس کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں اورکسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں ریسکیو گاڑیوں کو راستہ دیں اسی طرح عوام ریسکیو1122کو غیر ضروری کال کرنے سے گریز کریں اور ریسکیو اہلکار بھی ایمرجنسی کے علاوہ 1122کو مصروف نہ رکھیں۔تقریب میں دوسروں کے علاوہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ نجیب اللہ ، ریسکیو 1122کے متعلقہ حکام اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ریسکیو 1122کے دستے نے اس موقع پر مہمان خصوصی کو سلامی بھی پیش کی ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -