تعلیمی میدان میں ترقی کیلئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے،سمیر سید
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ جس طرح لاہور شہر میں محکمہ صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اسی طرح محکمہ ایجوکیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن کی ٹیم کی ان تھک کاوشوں کی بدولت ضلع لاہور پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ساتویں نمبرپر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لاہور کے ایجوکیشن کے میدان میں پہلے نمبروں پر لانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن نے ایل این ڈی ہدف انگلش میں 81.5،ریاضی میں 88.5اور اردو میں 88.7 حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ369 پرائمری سکولوں میں ای سی ای( ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن ) کمرے قائم کیے گئے ہیں اور330ہائی پبلک سکولوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیبز کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ 99.8 %پبلک سکولوں میں بجلی،پانی ،واش روم اور چار دیواری جیسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ81سکول پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن نے میڈیکل ٹیسٹ بھی احسن انداز سے کروائے ہیں۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سیدنے کہا کہ 2017 میں 44 اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور 1444 ایجوکیٹرز کی تعیناتی کو بذریعہ این ٹی ایس میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور2018میں 905ایجوکیٹرز کی تعیناتی کے عمل پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے پبلک اور پرائیویٹ طلباوطالبات کے امتحانات پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن کے تحت کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں وال پینٹنگ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اور تمام سرکاری سکولوں میں سکول رپورٹ کارڈ کو بھی آویزاں کیا گیاہے۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ پبلک سکولوں سے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔