جماعت اسلامی غریب عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے : مظفر سید ایڈ ووکیٹ

جماعت اسلامی غریب عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے : مظفر سید ایڈ ووکیٹ

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈو کیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس ملک میں غریب عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پوری خلوص نیت کیساتھ سیاسی جدو جہد کر رہی ہے اور مظلوم طبقوں کیلئے ہر سطح پر سب سے پہلے جماعت اسلامی نے ہی آواز اٹھا ئی ہے جو فلاحی ، متحرک اور تعمیری سیاست کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام میں شعور آ گیا ہے اور وہ محض خالی نعروں پر دھوکہ نہیں کھا سکتے جبکہ جماعت اسلامی کی اصلاحی سیاست سے متاثر ہو کر دیگر پاٹیوں کے عہدیداران بھی ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ج دیر پائیں تالاش میں جماعت اسلامی کے ایک شمولیتی جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس میں علاقہ کی معروف سیاسی شخصیت محمد سلیمان خان نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے میں جماعت اسلا می کے مقامی امراء، معززین علاقہ اور پارٹی کے کارکنان کی کثیر تعدادموجود تھی۔ جلسے سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے عوامی زندگی میں نمایاں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیر پائیں میں عوام اور جماعت اسلامی کا ناطہ ہمیشہ کیلئے قائم ہے کیونکہ پہلے بھی علاقے کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے اور آئندہ بھی یہ رشتہ قائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی بدولت دیر پائیں میں ہر شعبہ زندگی کے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں مواصلات صحت، تعلیم اور دیگر شعبے شامل ہیں اور ہماری اس نمایاں کارکردگی کی بدولت سیاسی ورکرز جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی ااور کہا کہ پارٹی میں ان کو عزت کا مقام دیا جائے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر