مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچی کی بے حرمتی اور قتل کیخلاف احتجاج
سرینگر (آئی این پی)مقبوضہ کشمیرمیں جموں ریجن کے ضلع کٹھوعہ میں 8سالہ بچی کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق 8سالہ بچی آصفہ بانو جو ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہو گئی تھی کی لاش ضلع کی تحصیل ہیرانگر میں پر اسرارحالت میں ملی ہے۔ بچی کے رشتہ داروں اور اہلخانہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس گھناؤنے جرم میں ملوثملزموں کی فوری گرفتاری اور انہیں قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ہفتہ لاپتہ ہونیوالی بچی کی لاش تحصیل ہیرا نگر کے گاؤں Rasanaمیں جھاڑیوں سے ملی ہے ،جسے پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال کٹھوعہ منتقل کردیاگیا ہے۔ بچی کے چہرے پر زخموں کی نشان موجود ہیں۔ادھر نام نہاد کشمیر اسمبلی میں حزب اختلاف کے اراکین نے ضلع کٹھوعہ میں بکروال کمیونٹی کی 8سالہ معصوم بچی کی بے حرمتی اور قتل کے افسوسناک واقعے کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ،کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اراکین نے آصفہ بانو کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج