بھارتی گولہ باری سے سویلین،فوجی شہید ہورہے ہیں،شیخ عقیل
مظفرآباد(بیورورپورٹ)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت نے بارڈرلائن پر غیر اعلانیہ جنگ برپا کررکھی ہے جس کے نتیجے میں سویلین،فوجی شہید ہورہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اس پر بھارت سے احتجاج کرنا اور اقوام عالم کو بریف کرنا محض وقت اور وسائل کا ضیاع ہے اس کا بھارت کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قراردادوں اور مذاکرات سے کچھ بھی نہیں حاصل ہوگا اب بھارت کا واحد حل جہاد ہے اب مذاکرات اور تجارت سے ہمیں باہر آنا ہوگا اور بھارت کو دوٹوک جواب دینا ہوگا تاکہ آئندہ بھارت کو بزدلانہ کارروائی کرنے کی ہمت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا فرنٹ لائن پارٹنر ہونے کی بناء پر پاکستان کو 120ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا ور 70ہزار شہری شہید کرائے مگر اس کے باوجود ہمارا پارٹنربھارت کے ساتھ جا کھڑا ہوا اور بھارت کو شہ دے رہا ہے کہ وہ پاکستان کے بارڈر پر کارروائی کرے جس کے نتیجے میں بھارت نے غیر اعلانیہ جنگ شروع کررکھی ہے اور معصوم لوگوں کو شہید کررہا ہے اس کا واحد حل جہاد ہے ۔مذاکرات اور تجارت کو چھوڑنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظفرآباد5فروری کو کشمیریوں سے بھرپور یوم یکجہتی منائے گے اور ریلی کا انعقاد کرکے اپنے بھائیوں کو پیغام دیں گے کہ آزادی کی اس جدوجہد میں اہل کشمیر اور پاکستان آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔