جہلم ،شہر و مضافات میں گیس پریشر کی کمی،کمپریسر مافیا کی موجیں
جہلم(نامہ نگار)جہلم شہر و مضافات میں سوئی گیس پریشر کی کمی، ’’کمپریسر مافیا‘‘ کی موجیں ، بااثر افراد نے گھروں، پلازوں ، کارروباری مراکز میں کمپریسر سے زندگی پرسکون بنا لی ، جبکہ عام آدمی کے چولہے ایک وقت کی روٹی پکانے سے بھی محروم، تفصیلات کیمطابق جہاں پر بجلی ،پٹرولیم سمیت دیگر بحرانوں نے عوام کو اپنے چنگل میں بری طرح جکڑ رکھا ہے وہاں پر رہی سہی کسر جہلم شہر سمیت ملحقہ آبادیوں بالخصوص مشین محلہ ، بلال ٹاؤن، جادہ، ڈھوک فردوس، اسلام پورہ ، محمود آباد، کریم پورہ، مجاہد آباد، شمالی محلہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں محکمہ سوئی گیس کی مبینہ ملی بھگت سے تقریباً ہر گلی محلے میں بااثر افراد نے مبینہ طور پر سوئی گیس کے پریشر کو پورا کرنے کے لئے گھروں، پلازوں ، کارروباری مراکز میں کمپریسر اور چائنہ گیس باکس وغیرہ لگا کر سوئی گیس کو انجوائے کر رہے ہیں ، جبکہ عام شہری کے گھروں میں 24 گھنٹے کے دوران ایک وقت کی روٹی پکانے کیلئے بھی چولہوں میں گیس کی منہ دکھائی تک نصیب نہیں ہو رہی اور سیاسی پشت پناہی کے حامل اور بااثر افراد سرعام گھروں میں کمپریسر استعمال کرکے عام آدمی کی حق تلفی میں مصروف عمل ہیں جن کوکوئی پوچھنے والا نہیں اور محکمہ سوئی گیس کے حکام بھی صورتحال کا نوٹس لینے کی بجائے صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ،شہریوں حسن رضا، نویدالحسن، محمد انیس ، محمد رئیس، محمد افضال ، محمد شہزاد انورو دیگر نے بتایا کہ سوئی گیس کا عملہ مبینہ طور پر چمک اور سفارشی بنیادوں پر کمپریسر مافیا کے ساتھ ملا ہوا ہے ، عوامی سماجی ، رفاعی ، فلاحی حلقوں سمیت شہریوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم سمیت ، سوئی نادرن گیس پائپ لائن کے ارباب اختیار سے صورتحال کا نوٹس لیکر کمپریسر مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔