مزدوروں کے نام پر قائم ادارے مفلوج ہیں ،خرم شیر زمان

مزدوروں کے نام پر قائم ادارے مفلوج ہیں ،خرم شیر زمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری و سند ھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے حکمرانوں نے مزدوروں کو زندہ درگور کرنے کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ مزدوروں کے خون پسینے کے پیسوں سے سندھ کے حکمران لوٹ مار اور عیاشی کر رہے ہیں ۔ مزدوروں کے نام پر قائم ادارے مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ 2012ء سے بند کی ہوئی تمام مزدوروں کی اسکیمیں فوری طور پر بحال کرے ۔ ان اسکیموں میں جہیز گرانٹ، اسکالر شپ، سلائی مشین، سائیکل اور ڈیتھ گرانٹ شامل ہیں۔ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کور ٹ کے حکم سے قبضہ گروپ سے خالی کرائی ہوئی گلشن معمار کی کالونی فوری طور پر ورکرز کے حوالے کرے اور وہاں گیس، بجلی، پانی اور سیوریج کا ہنگامی طور پر بندوبست کرے کیونکہ کالونی کو خالی کرائے ہوئے ایک سال سے زائد وقت ہوچکا ہے اور مزدور اور الاٹی دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔مزدور کی تنخواہ حکومت کی جانب سے کم از کم 15ہزار روپے مختص کی گئی ہے جو ان کا بنیادی حق ہے لہٰذا حکومتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے مزدور کی تنخواہ 15ہزار روپے کرنے کے قانون پر عمل درآمد کرایا جائے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘کراچی میں مزدور ایکشن کمیٹی، سائٹ کے رہنماؤں سے ملاقات کے دورا ن بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر تحریک انصاف کے رہنما دوا خان صابر، مزدور ایکشن کمیٹی کے رہنما شیرین زادہ، اسرار احمد، عزیز اللہ، ارشاد علی بھٹو، انور خان،آصف خان یوسف زئی، عبداللہ خان، زاہد گل، گل زمین، عالمروز، وزیر زادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ تمام ہسپتالوں میں جعلی ادویات کی ترسیل بند کی جائے۔ ولیکا ہسپتال سائٹ ایریا میں اس وقت 57کی بجائے 22 ڈاکٹر ڈیوٹی کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ولیکا ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو فوراً پورا کیا جائے۔ ولیکا ہسپتال میں 800کی جگہ 300پیرا میڈیکل اسٹاف ڈیوٹی کر رہے ہیں جس کی اکثریت اسٹوڈنٹ اسٹاف کی ہے۔ ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کے آلات برسوں پرانے ہیں، یہ آلات فوری طور پر تبدیل کیے جائیں۔ ولیکا ہسپتال میں علاج کا معیار بہتر کیا جائے۔ وارڈوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اورصفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لہٰذا فوری طور پرہسپتالوں میں صفائی کا معیار بہتر کیا جائے۔ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے اگر اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو اگلے ہفتے میں صحافیوں کے ہمراہ ولیکا ہسپتال سائٹ کا دورہ کروں گا اور سندھ اسمبلی کے فلور پر بھی مزدوروں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کروں گا۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ تحریک انصاف کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کارخانوں میں ورکرز کو رجسٹرکیاجائے اور سوشل سیکورٹی سے کرپشن بند کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیسی کاسالانہ بجٹ ساڑھے پانچ ارب روپے کا ہے مگر وہ سب کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے۔ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق پچھلے سال 94کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کرپشن میں ملوث تمام افسران کو سخت سزا دی جائے اور ان کے کیسز نیب کو بھیجے جائیں اور سیسی کے ادارے کو کرپشن سے پاک کیا جائے۔

Back

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر