”ان 24 ممالک سے آنے والے افراد کو پاکستان پہنچنے پر بھی ویزہ مل سکے گا “،پاکستان نے سب سے بڑا اعلان کر دیا

”ان 24 ممالک سے آنے والے افراد کو پاکستان پہنچنے پر بھی ویزہ مل سکے گا ...
”ان 24 ممالک سے آنے والے افراد کو پاکستان پہنچنے پر بھی ویزہ مل سکے گا “،پاکستان نے سب سے بڑا اعلان کر دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے24ممالک کے سیاحوں کو پاکستان آمد پر ویزہ جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے ،یہ اعلان ملک میں سیاحوں کی تعداد میں اضافے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ”ٹوئٹر“ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹیفکیشن شیئر کیا ہے ، جس کے مطابق سیاحت دوست ممالک کے شہری جو پاکستان کے اہم سیاحتی مقامات کی سیر کرنا چاہتے ہیں ، انہیں پاکستان آمد پر ائر پورٹ پر ہی ویزہ جاری کیا جائے گا۔ ویزہ آن آرائیول سیاحوں کے گروپس کو دیا جائے گا اور یہ گروپ مخصوص ٹوور آپریٹرز کے ذریعے پاکستان میں سفر کرسکیں گے۔ غیر ملکی سیاحوں کو جاری کئے جانے والے ویزے کی مدت 30دن ہوگی جبکہ سیاح ملک کے مختلف حصوں میں بھی سفر کرسکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چین ، امریکہ ، برطانیہ ، فن لینڈ، آسٹریا ، بلجیم ، ڈنمارک ، فرانس اور یونان کے شہری اس پالیسی سے مستفید ہو نے والے چند اہم ممالک میں شامل ہیں ، نوٹیفکیشن میں غیر ملکی سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ آپ پاکستان آمد پر امیگریشن آفیسرز یا مخصوص ویزہ آفیسر سے رابطہ کریں اور ٹوور آپریٹرز کی لسٹ اور دیگر معلومات حاصل کریں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ’سیاح پاکستان کے لیے اثاثہ ہیں اور ایف آئی اے کا امیگریشن کا شعبہ آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہے اور آپ کی پاکستان آمد اور روانگی کو پریشانیوں سے پاک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اتھارٹی نے رجسٹرڈ ٹوور آپریٹرز سے کہا کہ وہ سیاحوں کی ضروری دستاویزات ایف آئی اے آفس میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

ضرور پڑھیں: اسد عمر کی چھٹی

پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے گذشتہ تین سالوں سے سیاحت کے شعبے میں کافی ترقی کی ہے، 2013ءمیں1.75ملین سیاح پاکستان آئے جبکہ2016ءمیں سیاحوں کی تعداد 38.3ملین تک پہنچ گئی تھی ۔پاکستان میں سیاحت کے ذریعے سالانہ2.03ٹریلین روپے کماتا ہے۔

مزید : قومی