’ان دونوں کی ابھی شادی کروادیتا ہوں‘ پوپ فرانسس نے دوران پرواز ایسے جوڑے کو دیکھ لیا کہ موقع پر ہی انہیں ساتھ بٹھا کر شادی کروادی

’ان دونوں کی ابھی شادی کروادیتا ہوں‘ پوپ فرانسس نے دوران پرواز ایسے جوڑے کو ...
’ان دونوں کی ابھی شادی کروادیتا ہوں‘ پوپ فرانسس نے دوران پرواز ایسے جوڑے کو دیکھ لیا کہ موقع پر ہی انہیں ساتھ بٹھا کر شادی کروادی

  

سنٹیاگو(نیوز ڈیسک)دنیابھر میں بے شمار عیسائی جوڑے شادی کے بندھن میں بندھتے ہیں لیکن ان میں سے کتنے ایسے ہیں جو یہ کہہ سکتے ہیں کہ ان کی شادی خود پوپ نے کروائی؟ کارلوس کفارڈی اور پاﺅل پوڈسٹ نامی جوڑا یہ ضرور کہہ سکتا ہے، بلکہ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ دنیا کی تاریخ میں وہ پہلا جوڑا ہیں جن کی شادی پوپ نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر محو پرواز ہوائی جہاز میں کروائی۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق یہ دلچسپ و عجیب واقعہ چلی کے دارالحکومت سنٹیاگو سے شمالی شہر عنقیق جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ کارلوس اور پاﺅلا نامی اس جوڑے کی شادی کی تقریب 27 فروری 2010ءکو ایک چرچ میں ہونا تھی لیکن اسی روز آنے والے ایک بڑے زلزلے کی وجہ سے یہ تقریب نہ ہوسکی۔ اس کے بعد سے وہ اکٹھے تو رہ رہے تھے لیکن مذہبی طور پر میاں بیوی نہیں تھے۔ وہ دونوں Latam ائیرلائن کے فضائی کریو کا حصہ ہیں اور اسی پرواز میں فرائض سر انجام دے رہے تھے جس میں پوپ فرانسس بھی سفر کر رہے تھے۔ جب وہ جہاز کے اگلے حصے میں بیٹھے پوپ فرانسس کو آداب کہنے گئے تو انہوں نے بات چیت کے دوران اس جوڑے سے یہ بھی پوچھ لیا کہ وہ شادی شدہ ہیں یا نہیں۔ اس پر دونوں نے اپنی کہانی پوپ کے سامنے بیان کردی۔ ان کی بات سن کر پوپ کہنے لگے ”کیا آپ پسند کریں گے کہ میں یہیں پر آپ کی شادی کروادوں؟“ پاﺅلا اور کارلوس کے لئے اس سے بڑھ کر خوشی کی بات کیا ہو سکتی تھی، بس دونوں نے فوراً ہاں کہہ دی اور پوپ نے سب مسافروں کے سامنے مذہبی کلمات ادا کرکے دونوں کو میاں بیوی قرار دے دیا۔

اس جوڑے نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم تو اپنی قسمت پر یقین نہیں کرپارہے۔ دنیا میں کتنے لوگ ہوں گے جن کی شادی پوپ نے کروائی ہوگی۔ ہم اسے اپنی ازدواجی زندگی کے لئے برکت کا باعث تصور کرتے ہیں۔ ہماری شادی کا سرٹیفکیٹ بھی ویٹی کن کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔“ اس انوکھی شادی کے لئے گواہ کے طور پر ائیرلائن کے چیئرمین نے دستخط کئے جبکہ شادی کا سرٹیفکیٹ چلی کے ایک سینئر پادری نے اپنے ہاتھ سے تحریر کیا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /بین الاقوامی