کراچی سے سکھر جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز جیسے ہی سہراب گوٹھ کے قریب پہنچی تو ایک ڈرون آ گیا اور پھر۔۔۔ کراچی سے ایسی خبر آ گئی کہ کوئی بھی گھبرا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہلچل مچ گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سے سکھر جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 536حادثے سے بال بال بچ گئی۔ دی نیوز کے مطابق پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری اور اب وہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے اوپر پہنچی تھی کہ سامنے ایک ڈرون طیارہ آ گیا۔ تاہم خوش قسمتی سے پرواز ڈرون طیارے سے کچھ فاصلے سے گزر گئی۔ جہاز کے پائلٹ نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع کنٹرول ٹاور کو دی ، جس کے بعد سول ایوی ایشن کی طرف سے پولیس کو رپورٹ کی گئی۔
اس واقعے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کھلبلی مچا دی اور ان کی طرف سے علاقے میں ڈرون کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ”ہم جہاز کے قریب آنے والے ڈرون طیارے اور اس کے آپریٹر کی تلاش کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری سہراب گوٹھ اور گلشن معمار روانہ کر دی گئی جہاں گھر گھر تلاشی لی گئی اور علاقے میں موجود فارم ہاﺅسز کو بھی چیک کیا گیا۔“
ایس ایس پی عرفان علی بہادر کا کہنا تھا کہ ”کئی گھنٹے کے سرچ آپریشن کے باوجود ہمیں علاقے سے ایسا کوئی ڈرون طیارہ نہیں ملا۔ ہم نے علاقہ مکینوں سے بھی اس حوالے سے پوچھ گچھ کی لیکن سب نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ پولیس تاحال ان علاقوں میں تعینات ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔“