قطر میں ایک لاکھ پاکستانی کھپالیں تو ملک کی بڑی خدمت ہوگی : شاہ محمود

قطر میں ایک لاکھ پاکستانی کھپالیں تو ملک کی بڑی خدمت ہوگی : شاہ محمود
قطر میں ایک لاکھ پاکستانی کھپالیں تو ملک کی بڑی خدمت ہوگی : شاہ محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اوردوستانہ تعلقات ہیں، قطر مزید پاکستانیوں کو وہاں گنجائش دینے کیلئے تیارہے ، ایک لاکھ مزید پاکستانیوں کو وہاں کھپایا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے میں نے قطر کو پیشکش کی تھی جس پر قطر کی حکومت نے مثبت جواب دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری ایک لاکھ افراد ی قوت وہاں کھپ جاتی ہے تو یہ ملک کی بڑی خدمت ہوگی ، قطر ہماری معیشت کیلئے بھی مدد کرسکتاہے ، ہم قطر سے ایل این جی بھی خریدتے ہیں ، اس کے علاوہ قطر کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری کے امکانات بھی ہیں ،اس وقت ماحول بدل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قطر کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں ، یہ آسان نہیں ہے اور ایک چیلنج ہے لیکن ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ان کے تعلقات میں بہتری آئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر کو مل بیٹھنے کا سوچنا چاہئے ، پاکستان کے سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہمار ی سوچ کسی کو ناراض کرنااور کسی کو خوش کرنا نہیں ، ہم قطر اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں تواز ن رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دوست ممالک ہماری ضروریات کو سمجھتے ہیں اور ہم ان تعلقات کو مینج کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، دوست ممالک جانتے ہیں کہ پاکستان سب کا خیر خواہ ہے۔

چین کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے معاملے میں تعلقات بہتر نہ ہونے کا تاثر درست نہیں ، میں اس کی مکمل نفی کرتا ہوں ، میں تین بار چین سے ہوکر آیا ہوں، سی پیک کے معاملے پر چین اور پاکستان میں مکمل ہم آہنگی ہے ، چین کے ساتھ ہمارے تعلقا ت ہمیشہ سے اچھے تھے اور اب ایک نئی حدکو چھونے والے ہیں، اس حوالے سے کسی کے ذہن میں کوئی ایسی بات ہے تو وہ ذہن سے نکال دے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چین کے ساتھ ہماری جغرافیائی شراکت داری تھی لیکن اب چین کے ساتھ ہماری معاشی شراکت داری قائم ہونے جارہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاہے کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بہتری کے روشن امکانات ہے ، روس کا خطے میں بہت اثر ہے اوروہ بہت سے معاملات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے ، میری روسی وزیر اعظم سے اچھی ملاقات ہوئی ہے اور آنیوالے دنوںمیں روس کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے کے روشن امکانات ہیں، امریکہ اورپاکستان کے تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے ، پہلے امریکی تنقید کررہے تھے لیکن آج وہ پاکستا ن کے کردار کا اعتراف کررہے ہیں ، اشرف غنی نے بھی پاکستان کے کردار کوسراہاہے جو ایک مثبت تبدیلی ہے۔

انہوں نے کہاکہ زلمے خلیل زاد نے بھی میری کوششو ں کی تعریف کی ہے اورکہاہے کہ پاکستان کی کوششوں کے بڑے اچھے اثرات پڑرہے ہیں، پاکستان کی جانب سے امریکہ طالبان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مثبت کردار کے باوجودجب تک افغان آپس میں نہیں بیٹھیں گے تو ان کوششوں کے مثبت نتائج نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ بات آگے چلے ، طالبان کو بھی سوچنا چاہئے کہ 17سالہ جنگ میں ان کی جانب سے بڑی قیمت ادا کی گئی ہے اورافغان حکومت اور عوام نے بھی بڑی قیمت ادا کی ہے ، اس کے بعد کسی نے اس جنگ کی قیمت ادا کی ہے تو وہ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں طالبان امریکہ مذاکرات کا اسلام آبا د میں ہونا عین ممکنات میں سے ہے۔