شیخ رشید کو اپنے مستقبل کی فکر لاحق ہے ،بیان بازی کر کےبلاول بھٹو کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں:منور انجم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات منور انجم نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو اپنے مستقبل کی فکر لاحق ہے، اس لئے وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں،اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن شیخ رشید کے شر، بغض اور منافقت سے محفوظ ہیں۔
شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے منور انجم کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت مخالف عناصر سے انتقام لے لیا تھا ،جس کا جمہوریت دشمن عناصر کو ابھی تک درد ہے اور جس کی چیخیں شیخ رشید کے منہ سے اب بھی نکل رہی ہیں۔ منور انجم نے کہا کہ شیخ رشید جیسے سیاسی لاورث کندھوں کی تلاش میں رہتے ہیں مگر یاد رکھیں کہ ان کا آخری خریدار عمران خان ہے، اب شیخ رشید کے سیاسی تابوت کو کوئی کندھا نہیں دے گا۔