مظلوم کشمیر ی مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیر خارجہ کی قطر ی نائب وزیر اعظم سے ملاقات
دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مظلوم کشمیر ی مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں،کشمیریوں کوطرح طرح کے بھارتی مظالم کا سامنا ہے ،80لاکھ معصوم کشمیری 6 ماہ سے لاک ڈاون کاشکارہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحہ میں قطر کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی ،ملاقات میں مشرق وسطیٰ، افغان امن عمل اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی گئی اورمشرق وسطیٰ میں کشیدگی پرقابوپانے کیلئے سفارتی کوششوں پرتبادلہ خیال ہوا۔وزیرخارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اورامن کیلئے کاوشوں سے آگاہ کیا۔ شیخ محمدبن عبدالرحمان کی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں تناواورکشیدگی کے خاتمے پراتفاق رائے خوش آئندہے،معاملات کومذاکرات کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کی جائے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں محاذآرائی کسی فریق کے لیے سودمندنہیں ہوگی۔انہوں نے کہا مظلوم کشمیری مسلم امہ کی جانب دیکھ رہے ہیں،کشمیریوں کوطرح طرح کے بھارتی مظالم کا سامنا ہے ،80لاکھ معصوم کشمیری 6 ماہ سے لاک ڈاون کاشکارہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کوششوں کوعالمی سطح پرسراہاجارہاہے،پاکستان قطرکےساتھ کثیرالجہتی تعاون بڑھانے کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ قطرکےساتھ پاکستان کے تاریخی اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطر کا مختصر دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہوگئے ۔قطر میں پاکستانی سفیر اور وزارت خارجہ قطر کے اعلیٰ حکام نے شاہ محمود کو الوداع کیا۔