فیڈمک ٹیوٹا کے اشتراک سے ہنرمند افرادی قوت تیار کرے گی
اسلام آباد(آن لائن) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور صنعتوں، خاص طور پر سی پیک کے تحت قائم ہونیوالے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ہفتہ کو فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور ٹیوٹا کے چیئرمین علی سلمان صدیق کے مابین ملاقات ہوئی جس میں فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعتوں اور ٹیوٹا کے مابین قریبی روابط کی ضرورت ہے تاکہ صنعتوں کی ضرورت کی مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے جدید تقاضون کے مطابق تربیتی پروگرام تیار کئے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک خصوصی اقتصادی زون میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی قائم کرے گا جس کیلئے فوجی فاؤنڈیشن اور چین کی تیان جن یونیورسٹی کیساتھ ایک معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں جبکہ ٹیوٹا کے تعاون سے جلد ہی چار مختلف کورسز شروع کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک فوجی فاؤنڈیشن کو ایم تھری کے مین گیٹ کے بالمقابل یونیورسٹی کے قیام کیلئے 22 ایکڑ اراضی فراہم کرے گا اور یونیورسٹی کی عمارت ڈیڑھ سال کے اندر مکمل ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 4سال میں تینوں اقتصادی زونز میں مختلف شعبہ جات کیلئے 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ورکرز کی ضرورت ہے۔ افرادی قوت کو مختلف صنعتی شعبوں کی ضرورت کے مطابق تربیت دی جائیگی اور انہیں ملازمت کے پیشگی کنٹریکٹ دیئے جائیں گے تاکہ تربیت مکمل کرتے ہی بغیر کسی تاخیر کے انہیں ملازمت مل سکے۔ میاں کاشف نے کہا کہ اس سال کے آخر تک تقریبا 70 ہزار افراد کو ملازمت مل سکے گی جبکہ چینی زبان بولنے والے تقریباً 20 ہزار مقامی افراد کو پہلے سال کے دوران ملازمتیں دی جائیں گی۔اس سلسلے میں طلبا کو چینی زبان سکھانے کیلئے خصوصی پروگرام تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں کام کرنے والی صنعتوں کو کاروباری آسانیوں کیساتھ اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے، بلا تعطل بجلی کی فراہمی، عوامی سہولیات اور خدمات تک فوری رسائی حاصل ہوگی۔ٹیوٹا کے چیئرمین علی سلمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیوٹا نوجوانوں کو معیاری تربیت کی فراہمی کیلئے فیڈمک کیساتھ مکمل تعاون کرے گا اور دونوں ادارے تکنیکی اور پیشہ ورانہ شعبوں کیلئے متعدد طریقوں سے مل کر کام کر سکتے ہیں اور پنجاب کے کسی بھی ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹ میں کسی بھی مخصوص صنعت کیلئے کورسز کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیاور گذشتہ 3سالوں میں مختصر کورسز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں صنعتی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس سے نہ صرف مقامی صنعت بلکہ بیرون ملک بھی افرادی قوت مہیا کی جا رہی ہے۔ علی سلمان نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز سے معاشی روابط اور علاقائی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا جس سے ملکی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ انہوں نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کیلئے فیڈمک کے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا۔