جرمنی ڈوموٹیکس نمائش میں پاکستانی کارپٹ مصنوعات کو زبردست پزیرائی

جرمنی ڈوموٹیکس نمائش میں پاکستانی کارپٹ مصنوعات کو زبردست پزیرائی

  



کراچی /لاہور(این این آئی) جرمنی میں منعقدہ عالمی نمائش ”ڈومو ٹیکس“ میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کے سٹالز اپنے اعلیٰ معیار اور جدید ڈیزائنوں کی وجہ سے دنیا بھر سے آنے والے خریداروں اور مندوبین کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب رہے، مختلف ممالک کے درآمد کنندگان او رمندوبین سے ہونے والی ملاقاتوں کے دوران انہیں پاکستان میں ترقی کے رجحان اور دورے کی دعوت بھی دی ہے۔ جرمنی میں منعقدہ ”ڈومو ٹیکس“ نمائش میں شریک پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیلیفون پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر کو نمائش میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے سٹالز پر وزیٹرز کے رجحان کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر ریاض احمد، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سابق چیئر پرسن سعید خان، میجر (ر) اختر نذیر،محمد اکبر ملک اوردیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی مصنوعات کو اعلیٰ معیار اور جدید ڈیزائنوں کی وجہ سے روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک پر سبقت حاصل رہی اور پاکستانی مصنوعات کو انتہائی پسند کیا گیا جس سے کارپٹ انڈسٹری کو تقویت ملے گی۔ چیئرمین اسلم طاہر نے کہاکہ غیر ملکی خریداروں اور مندوبین سے زیادہ سے زیادہ ملاقاتیں کر کے انہیں پاکستان میں کارپٹ انڈسٹری کی مصنوعات کے معیار سے آگاہ کرنے سمیت پاکستان میں ہونے والی معاشی ترقی کے رجحان سے بھی آگاہ کیا جائے اور مستقبل میں روابط کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے باہمی طور پر میکنزم بنانے پر بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں نہ صرف پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کا موثر ذریعہ ہیں بلکہ اس کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والے درآمد کنندگان سے ملاقاتوں کے ذریعے روابط بڑھانے کا بھی موقع ملتا ہے او رموجودہ حالات میں ہماری معیشت کو اسی طرز کی سر گرمیوں کی اشد ضرورت ہے۔نمائش میں شرکت کرنے والا وفد پاکستان واپسی پر دورے کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کرکے ایسوسی ایشن کے اجلاس میں پیش کرے گا اور شرکاء کو ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت میں نئے رجحانات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

مزید : کامرس