ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام تیز کئے جائیں،سمیر سید
لاہور(جنرل رپورٹر)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیراحمد سید نے ہدایت کی ہے کہ پلاٹوں کا جلد از جلد قبضہ دینے کے لئے ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام تیز کئے جائیں۔ پلاٹ مالکان سے ترقیاتی اخراجات قسطوں میں وصول کرنے کے لئے شیڈول مرتب کیاجائے۔پرائیویٹ رہائشی سکیموں سے کامیاب بات چیت کے بعد ایل ڈی اے ایونیو ون کے مختلف بلاکوں میں بحال ہونے والے 623پلاٹوں کے لئے ترقیاتی کام ہنگامی بنیادوں پر کئے جائیں۔ترقیاتی منصوبوں کے لئے اخراجات کا انتظام کرنے کے لئے پلاٹوں کی نیلامی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کا ہدف حاصل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز فارقلیط میر اور اعجاز خلیق رزاقی،چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی، چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود،چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا،ڈائریکٹر فنانس احمر سہیل کیفی اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔