ججوں کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، فیصلے میرٹ کے مطابق کریں: چیف جسٹس ہائیکورٹ

ججوں کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، فیصلے میرٹ کے مطابق کریں: چیف جسٹس ہائیکورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے کہاہے کہ ججوں کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، میں بطور چیف جسٹس تمام ججوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں لیکن ججوں کے خلاف مالی فائدے سمیت کسی بھی شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،وہ گزشتہ روز پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کے دسویں تربیتی کورس میں شریک ماتحت عدالتوں کے ججوں سے خطاب کررہے تھے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کسی بھی دباؤ کا شکار ہوئے بغیر مقدمات کے فیصلے قانون اور میرٹ کے مطابق کریں، انہوں نے مزیدکہاکہ عدلیہ کا کام کبھی رک نہیں سکتا، یہ چلتا رہے گا، نئے نئے قوانین اور ترامیم کے ساتھ ساتھ ججز کی تربیت بھی جاری رہے گی. ججز کو چاہیے کہ خود کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں، لاء جرنلزاور دیگر قوانین کو پڑھتے رہیں،ہم جانتے ہیں کہ تمام جوڈیشل افسران قانون کے علم سے نابلد نہیں ہیں بلکہ جج بننے سے پہلے بطور وکیل اچھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہوں گے لیکن پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس کا مقصد جوڈیشل افسران کی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہے،ججوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہمارا اولین مقصد ہے، ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ جج کو اپنی استعداد کار سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے، اس لئے ججوں کی استعداد کار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ

مزید :

صفحہ آخر -