ریلوے کالونی کے سسٹم کی سپردگی اور تجدیدی پراجیکٹ کا افتتاح

ریلوے کالونی کے سسٹم کی سپردگی اور تجدیدی پراجیکٹ کا افتتاح

  



لاہور (پ ر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو اپنے صارفین کو جدید ترین سسٹم کے مطابق بجلی کی سپلائی کو یقینی بناتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے نتیجے میں لیسکو صارفین کو بجلی کی معیاری اور بلا تعطل سپلائی فراہم کی جاتی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے یہ بات ریلوے کی وحید کالونی کا ڈسٹریبیوشن کنٹرول لیسکو کے زیرانتظام کرنے کی ایک تقریب کے دوران کہی۔ اس منصوبے کا افتتاح چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ اور چیف ایگزیکٹو ریلوے دوست علی لغاری نے کیا جبکہ اس موقع پر چیف انجینئر پی اینڈ ڈی سردار ایمینوئیل پی ڈی کنسٹرکشن عبدالمنان منگی اور ریلوے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ لیسکو کی جانب سے وحید ریلوے کالونی میں سسٹم اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت کام کا آغاز کیا جارہا ہے اور جلد ہی اس کام کا دائرہ کار تمام ریلوے کالونیز تک پھیلا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لیسکو کی جانب سے ریلوے کو ون پوائنٹ سپلائی فراہم کی جاتی تھی جبکہ کالونی کے اندر ڈسٹریبیوشن سے متعلق تمام کنٹرول ریلوے کے پاس تھا اور ریلوے انتظامیہ ہی بلنگ بھی کرتی تھی۔ تاہم ریلوے کا اندرونی سسٹم بوسیدہ ہونے کے باعث ہر وقت وولٹیج کے مسائل کا سامنا رہتا تھا جس بناء پر ریلوے منیجمنٹ اور لیسکو کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں لیسکو اب ریلوے وحید کالونی میں ڈسٹری بیوشن کنٹرول کے ساتھ ساتھ کالونی کے اندر موجود سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرے گی اور بجلی کے نئے کھمبوں کے ساتھ ساتھ تمام میٹرز کی تبدیلی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو ریلوے دوست علی لغاری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں لیسکو چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کی جانب سے سسٹم کی بحالی کے نتیجے میں وولٹیج کی بہتری کے ساتھ ساتھ بلنگ کا نظام بھی منظم طریقے سے رائج ہوسکے گا جس کے نتیجے میں ریلوے کالونی کے رہائشیوں کو بہتر سہولیات میسر ہوسکیں گی۔

مزید : کامرس