پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان و قائدین کا کبل چوک میں مظاہرہ ودھرنا

  پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان و قائدین کا کبل چوک میں مظاہرہ ودھرنا

  



کبل(تحصیل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان و قائدین کا کبل چوک میں مظاہرہ ودھرنا۔کارکنان نے ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، پولیس کی غنڈہ گردی نامنظور،شرم کروحیاکرو غفوروعثمان غنی کو رہاکرو، پولیس گردی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی،انڈہ مرغی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی اور موجودہ حکومت کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر مسلم لیگ کے ضلعی رہنمان قیموس خان اور حبیب علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز تھانہ کبل پولیس نے عبدالغفور اور عثمان غنی کو تھانہ بلا لیا جس کے بعد وہ غائب ہوگئے جبکہ پولیس گرفتاری سے انکاری ہیں۔ہم ادارو ں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے کیونکہ مسلم لیگ ملک سے محبت کرنے والی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے انتقامی کاروائیاں شروع کی ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔ہمیں بتایاجائے کہ ان کو کس جرم اور کس قانون کے تحت گرفتارکرلیاگیاہے اور کس جگہ منتقل کیاگیاہے۔ ہمیں معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ڈی پی او سوات اور ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور اور عثمان غنی کے بارے میں لیگی قیادت کو آگاہ کردیں۔بصورت دیگر ہم شدیداحتجاجوں کاسلسلہ شروع کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔دوسری جانب عبدالغفور کے بیٹے نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کو ایک تحریری درخواست دے کرکاروائی کی استدعاکی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر