ممکنہ بھارتی حملے کے جواب کیلئے تیار، کرپشن کیخلاف آخری حد تک جاؤنگا: وزیراعظم، آٹا مہنگا بیچنے والوں کو گرفتار گودام سیل کرنے کا حکم

ممکنہ بھارتی حملے کے جواب کیلئے تیار، کرپشن کیخلاف آخری حد تک جاؤنگا: ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف (ق) لیگ سمیت کئی وفاقی وزرا اور ارکان اسمبلی کی شکایات کو نظر انداز کر دیا اور اتحادیوں کو واضح جواب دیا کہ عثمان بزدار تبدیل نہیں ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے شکایات کے معاملے پر وزیراعظم نے فیصلہ اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء نے پنجاب میں گورننس، ترقیاتی سکیموں اور اختیارات کے حوالے سے شکایات کی تھیں اور جن لوگوں نے وزیراعظم سے شکایت کی ان میں فواد چوہدری، طارق بشیر چیمہ، شفقت محمود اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کو قریبی ساتھیوں نے مشورہ دیا کہ عثمان بزدار اچھا کام کر رہے ہیں اس لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔دوسری طرف سوشل میڈیا پر کچلاک کی کلی قاسم کے سلیمان خان کے کارنامے کے چرچے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو وزیراعظم عمران خان بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو سلیمان خان کی بہادری پر فخرہے۔

وزیراعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے، فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب کوپورا کرنے کیلئے خطے کے امن اورسلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میری کامیابی قوم کی کامیابی ہے، میں کرپٹ ہوں نہ کسی کو کرپشن کرنے دوں گا۔ بھارت بڑا چیلنج ہے، وہاں پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات نریندرا مودی کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں، اندرونی حالات سے بچنے کیلئے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے جس کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا،عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ نوجوان طبقے کیلئے ایک ہی پیغام ہے کہ محنت کریں۔ کامیابی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کیلئے آخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں آٹے کے مصنوعی بحران پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مافیاز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں آٹے کے بحران کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آٹا مہنگا بیچنے والوں کی فوری طور پر گرفتار کرنے کے ساتھ ان کے گودام سیل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔وزیراعظم آفس نے چاروں چیف سیکریٹریز سے رابطہ کیا ہے اور آٹا بحران پر گرینڈ آپریشن کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیراعظم آفس نے چیف سیکریٹریز کو کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے ذخیرہ اندوزوں اور مہنگا آٹا بیچنے والوں کی فوری گرفتاری اور گودام سیل کرنے کے احکامات دیے۔وزیراعظم آفس کے مطابق احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور ڈی سیز اپنے اپنے علاقے میں کارروائی کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ دیں۔ ذخیرہ اندوزی، آٹے کی قلت اور جہاں آٹا مہنگا فروخت ہوا انتظامیہ جوابدہ ہوگی۔ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق غفلت کے مرتکب افسران کی چیکنگ کے لیے مانیٹرنگ کرکے کارروائی کی جائے۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول