حکومت ناکام ہو چکی، ان ہاؤس تبدیلی غیر قانونی ہے نہ غیرسیاسی: شہباز شریف

      حکومت ناکام ہو چکی، ان ہاؤس تبدیلی غیر قانونی ہے نہ غیرسیاسی: شہباز شریف

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، ایسی صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی غیرقانونی ہے نہ غیرسیاسی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔میاں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آٹا اور گندم قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قیمت آٹے کی ہے اور مل بھی نہیں رہا جبکہ میاں نواز شریف کے زمانہ میں گندم ریکارڈ پیدا ہوتی تھی بلکہ ہم برآمد کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا علاج جاری ہے، اللہ ان کو صحت دے، میرے اور مریم نواز کیخلاف ریفرنس نیب اور نیازی گٹھ جوڑ ہے۔علاوہ ازیں ایک بیان میں شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قوم کو بتایا جائے گندم کا سٹاک کہاں گیا، ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی لاؤ لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ انہیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو سکے۔شہباز شریف نے استفسار کیا کہ ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں، قوم کو اس بحران کے اصل حقائق کے بارے میں بتایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے۔وزیراعظم، وزیر خوراک اور اس بحران کے ذمہ داران غائب ہیں،عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور حکومت کی آنکھیں بند ہیں۔مزید برآں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ آٹا بحران اور اس کی قیمتوں میں اضافہ بے حس حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہبازشریف نے کہا کہ عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی اور حکومت کے اس روئیے سے عوام کی زندگی روزانہ کی بنیاد پر مزید اجیرن ہورہی ہے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول