عوامی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا: عثما ن بزدار

        عوامی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا: عثما ن بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا، تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اورایسے عناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں لیکن ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا ہے،گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے کیونکہ آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قابل قبو ل نہیں۔انہوں نے کہاکہ چکی مالکان کوبھی آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی مقرر قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو بہترین انداز سے چلا رہے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کر کے بے مثال کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے اورسیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہوگی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اداکارہ ہما ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور) اداکار محمد جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس فنڈ کو مزید بڑھایا جائے گا اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافہ آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ مستحق فنکاروں کو ماہانہ مالی امداد بھی دی جائے گی اور اس ضمن میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کی فہرست مرتب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ فنکاروں کی معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر فنکاروں نے مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں مدد پر آپ کے شکرگزار ہیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول