خطے میں محاذ آرائی کسی فریق کیلئے سود مند نہیں، معاملات کو مذاکرات سے سلجھا یا جائے: شاہ محمود

  خطے میں محاذ آرائی کسی فریق کیلئے سود مند نہیں، معاملات کو مذاکرات سے سلجھا ...

  



دوحہ (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان،خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے،خطے میں محاذ آرائی کسی فریق کیلئے سود مند نہیں ہو گی،معاملات کو سفارتی کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے سلجھانے کی کوشش کی جائے، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ ومصالحانہ کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے،پاکستان، فریقین کو محاذ آرائی سے بچنے اور سفارتی ذرائع بروئے کار لا کرمذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز دوحہ میں قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ”افغان امن عمل“اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو بڑھانے کا متمنی ہیں۔وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی پر قابو پانے کیلئے سفارتی کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری کاوشوں سے بھی آگاہ کی۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور امریکہ کے مابین مذاکرات کی بحالی سے چالیس سالہ طویل محاذ آرائی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کی راہ ہموار ہونے کے روشن امکانات بن رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کو خطے میں کیے گئے اپنے حالیہ دوروں اور مختلف وزرائے خارجہ سے ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خطے میں تناؤ اور کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق رائے کا پایا جانا خوش آئند بات ہے۔وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیرخارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ قطر کو سراہتے ہوئے،"افغان امن عمل" سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کی تعریف کی۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول