پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کا حکومت اور بنوں بورڈ کیخلاف مظاہرہ

پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کا حکومت اور بنوں بورڈ کیخلاف مظاہرہ

  



بنوں (ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت اور بنوں تعلیمی بورڈ کا پرائیویٹ سکولوں کے خلاف ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بمقام رائل پبلک سکول بنوں ٹاؤن شپ منعقد ہوا۔ مظاہرے میں تمام پرائیویٹ سکولوں کے پرنسپلز شریک ہوئے، پین کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور ممبر پی ایس آر اے انس تکریم نے بھی مظاہرے میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری اور ممبر پی ایس آر اے انس تکریم، پین بنوں کے صدر عرفان اللہ خان اور دیگر نے کہا کہ حکومت اور بنوں تعلیمی بورڈ کی تعلیم دشمن پالیسیاں ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں، نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں حکومت کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر دباؤ ڈالنے کی بجائے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ بنوں بورڈ نے جو غیر قانونی طریقے سے پرائیویٹ سکولوں سے پیسے بٹورے ہیں فوراً واپس کئے جائیں۔ اور جو دوسرے غیر قانونی اقدامات کررہے ہیں اس کو بھی بند ہونا چاہیے۔ اس موقع پر مظاہرے کے دوران ہی چیئر مین تعلیمی بورڈ کے نمائندے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے اور پین کیبینیٹ نے پرائیویٹ سکولوں کے مسائل اور مطالبات انکے سامنے پیش کئے، انہوں نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اسی سلسلے میں بہت جلد چیئر مین تعلیمی بورڈ سے پین کیبینیٹ کی میٹنگ ہوگی، اور اس میٹنگ کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر