ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے اپنی اصل منزل پر پہنچ چکے: فردوس عاشق

ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے اپنی اصل منزل پر پہنچ چکے: فردوس عاشق

  



لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ معاشی بحالی کیلئے وزیر اعظم نے مشکل فیصلے کیے ہیں، اب پیسہ عوام کی بہتری کیلئے خرچ ہوگا، آٹے کا بحران پیدا کرنے اور اپنی من مانی کرنیوالی فلور ملز کے خلاف کارروائی کی جائے گی،کچھ سیاسی بونے حکومت اور جانے اور مڈٹرم انتخابات کی باتیں کر رہے ہیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے اپنی اصل منزل کو پہنچ چکے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ حکومت اتحادیوں کے جائز تحفظات دور کرے گی،حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں خلل ڈالنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پریس کلبوں اور نیوز ایجنسیوں کی گرانٹ کیلئے سمری بھجوا دی گئی ہے۔ حکومت صحافیوں اور پریس کلب کی سرپرستی جاری رکھے گی، پریس کلب آنے کا مقصد صحافیوں کے ووٹ کو عزت دینا ہے، ملکی معیشت استحکام کی جانب رواں دواں ہے، پریس کلب عوامی مشکلات کے حل کیلئے حکومت کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کی قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت میڈیا مالکان اور ورکرز میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے، آٹھواں ویج ایوارڈ متفقہ طور پر منظور ہوا جس کے خلاف کوئی عدالت نہیں گیا جبکہ صحت کارڈ اور ہاؤسنگ سمیت صحافیوں کے تمام مسائل حل کرینگے۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پارٹی قیادت کے ملک سے بھاگنے پر رانا ثنا اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے، رانا صاحب کہتے ہیں نوازشریف ہسپتال سے گھر جاسکتے ہیں تو ریسٹورنٹ کیوں نہیں حالانکہ میاں نوازشریف تندرست ہیں، ریسٹورنٹ سے جیل بھی جا سکتے ہیں، رانا صاحب اندرونی لڑائی میں مبتلا قیادت کے مابین مڈ ٹرم انتخابات کرائیں۔علاوہ ازیں سندس فاؤنڈیشن کے بانی منو بھائی کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت نے ا مراض خون پر قابو پانے کیلئے موثر قانون سازی کی ہے،اس قانون سازی کو پنجاب اور وفاق کی سطح پر بھی لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ امراض خون میں مبتلا پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے صوبائی و وفاقی سطح پر روزگار فراہم کرنے کیلئے جاب بینک بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منو بھائی نے کثیر الجہتی انسان کے طور پر ہر شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دیں،اپنی ذات کی نفی کرنے والے ایسے انسان روز روز پیدا نہیں ہوتے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کیلئے 22 مرتبہ خون کا عطیہ دے چکی ہوں،ایسے افراد جو دکھی انسانیت کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ان کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ سندس فاؤنڈیشن کا حصہ بنیں اور ان مریض بچوں کی طاقت بنیں۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول