ڈیرہ:ضلعی رابطہ کمیٹی کااجلاس، ارکان اسمبلی کی شرکت، اہم امور کاجائزہ

  ڈیرہ:ضلعی رابطہ کمیٹی کااجلاس، ارکان اسمبلی کی شرکت، اہم امور کاجائزہ

  



ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ بیورورپورٹ):ضلع ڈیرہ غازی خان کے اراکین اسمبلی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں وزیر مملکت زرتاج گل وزیر،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی، چئیرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف سردار احمد علی دریشک،اراکین صوبائی اسمبلی سردار جاوید اختر لنڈ،سردار محی الدین خان کھوسہ، ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،وزیر اعلی (بقیہ نمبر38صفحہ12پر)

کے بھائی سردار طاہر خان بزدار نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور افسران نے اراکین اسمبلی کو کلین اینڈ گرین مہم،پرائس کنٹرول،ترقیاتی منصوبوں،انتظامی معاملات،ریونیو اور میونسپل سروسز سے متعلق جبکہ ڈی پی او اسد سرفراز نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہی دی۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کم کرنے کیلئے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرایا جائے۔وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب کرنے کیلئے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی سٹور پر آٹا سمیت پانچ اشیاء پرچھ ارب روپے کا سبسڈی پیکج دیا ہے یوٹیلٹی سٹور پر بھی آٹا کی فراہمی اور نرخ کو چیک کیا جائے۔ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور آگاہی کیلئے اراکین اسمبلی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔ تھانوں میں مقامی ایس ایچ اوز تعینات نہ کرنے کی پالیسی پر میرٹ پر عملدرآمد کرایا جائے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی بالیاں نوچی گئی ہیں۔سٹریٹ کرائمز کم کرنے کیلئے موثر پٹرولنگ یقینی بنائی جائے۔سٹی پارک میں جوا کی روک تھام کیلئے کام کیا جائے۔آٹا کی سرکاری نرخ پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور آٹا کے سیل پوائنٹس کی فہرست اراکین اسمبلی کو دینے کے ساتھ عوام میں تشہیر کی جائے۔چوک چورہٹہ پر ہفتہ وار سستا بازار کے قیام کے لئے کام کیا جارہا ہے۔۔ چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی چھٹی کے وقت ٹریفک کی روانی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے حلقہ میں لگائے گئے فلٹریشن پلانٹ کی کوالٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے نمونے لیکر لیبارٹری تجزیہ کرایا جائے۔اراکین اسمبلی سردار جاوید اختر لنڈ،سردار محی الدین خان کھوسہ،ڈاکٹر شاہینہ کریم کھوسہ اور وزیر اعلی کے بھائی سردار طاہر خان بزدار نے کہا کہ عوام تک ترقیاتی منصوبوں کے ثمر ات پہنچانے کیلئے سکیموں کی مانیٹرنگ اور معیار یقینی بنایا جائے۔منصوبوں پر متعلقہ اراکین اسمبلی کی تختیاں لگائی جائیں۔اراکین اسمبلی کو منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔سستے بازار لگائے جائیں اور سرکاری نرخ پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

جائزہ

مزید : ملتان صفحہ آخر