آٹا بحران،قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام، شہبازشریف

آٹا بحران،قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام، شہبازشریف

  



اسلام آباد،لندن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ آٹا بحران اور اس کی قیمتوں میں اضافہ بے حس حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہبازشریف نے کہا کہ عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی اور حکومت کے اس روئیے سے عوام کی زندگی روزانہ کی بنیاد پر مزید اجیرن ہورہی ہے۔علاوہ ازیں ایک بیان میں شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قوم کو بتایا جائے گندم کا سٹاک کہاں گیا، ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی لاؤ لشکر کے بغیر عام آدمی کے طورپر بازار جائیں تاکہ انہیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو سکے۔شہباز شریف نے استفسار کیا کہ ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی کیا وجوہات ہیں، قوم کو اس بحران کے اصل حقائق کے بارے میں بتایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے۔وزیراعظم، وزیر خوراک اور اس بحران کے ذمہ داران غائب ہیں،عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور حکومت کی آنکھیں بند ہیں۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول