سپورٹس رائونڈاپ

  سپورٹس رائونڈاپ

  



پاکستان ٹین پن باؤلنگ کا 2020 ء کے ملکی اور بین الاقوامی کیلینڈر کا اعلان

پاکستان ٹین پن باؤلنگ باؤلنگ فیڈریشن نے سال 2020 ء کے ملکی اور بین الاقوامی کیلینڈر کا اعلان کردیاہے۔ پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے سال 2020 ء کے ملکی اور بین الاقوامی کیلینڈر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام پانچ ایونٹ راولپنڈی اور کراچی میں منعقد ہونگے جن میں کراچی میں 25 سے 30 مارچ تک 13ویں نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ میں منعقد ہوگی، راولپنڈی میں 25 سے 28 جون تک اسلام آباد اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ اور 9 سے 14 اگست تک آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ کھیلی جائے گی، کراچی میں 25 سے 30 اکتوبر تک چھٹی پی ٹی بی ایف ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ اور راولپنڈی میں 25 سے 31 دسمبر تک پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ کھیلی جائے گی اس کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل مقابلوں میں 14 سے 20 مئی تک کوریا میں کھیلے جانے والی انٹرنیشنل اوپن باؤلنگ ٹورنامنٹ میں، ہانگ کانگ/ چین میں کھیلی جانے والی 4 سے 20 جولائی 26 وین ایشین ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ میں، جاپان میں 26 سے 30 اگست تک انڈر22 انٹرنیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ اور کویت میں نومبر کھیلی جانے والی 55 ویں کیوبیکا اے ایم ایف عالمی ٹین پن باؤلنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کرے گا۔

ترک صدر قومی کھلاڑیوں کے گن گانے لگے

آرٹسٹک جمناسٹکس ورلڈ چیمپئن شپ میں ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹس نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے خصوصی ملاقات کی، ملکی صدر نے کھلاڑی کی صلاحیتوں کو داد دی۔ صدر اردوان صدارتی کمپلیکس میں قومی جمناسٹس احمد اور ابراہیم کولک سے ترک صدر نے خصوصی ملاقات کی اس دوران انہوں نے ملک کا نام روشن کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی۔آرٹسٹک جمناسٹکس ورلڈ چیمپیئن شپ میں چوبیس سالہ ابراہیم کولک طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ترک ایتھلیٹ ہیں۔ اسی مقابلے میں احمد نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس عظیم کامیابی پر اردوان نے خصوصی طور پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی تھی۔اٹلی میں کھیلے جانے والے عالمی مقابلے میں ابراہیم نے 14 ہزار 933 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔اس بہترین کامیابی کے بعد ابراہیم کولک نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک کے عالمی میلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چمپئن شپ 27فروری سے شروع ہو گی

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چمپئن شپ27فروری سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع گی۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایاکہ چمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے 16 ٹیموں کو دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان انٹر بورڈ، ہائرایجوکیشن کمیشن، لاہور گرائمز سکول، فاٹا، لمز، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیمیں مردوں اور خواتین کے ایونٹ میں اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گی، چمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے یکم مارچ کو اور فائنل مقابلے 2 مارچ کو کھیلے جائیں گے، چمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کے دوران اچھی کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے قومی ٹیموں میں شامل کیا جائیگا۔

جونیئر ہاکی کیمپ مئی میں کراچی منتقل کیا جائے گا

جونیئر ایشیا کپ ہاکی کے لیے پاکستان ٹیم کے تر بیتی کیمپ کا آخری مرحلہ مئی کے وسط میں کراچی میں لگایا جائے گا،چار جون سے ایشیا کپ ڈھاکا میں کھیلا جائے گا جس کی تیاری کے لئے60کھلاڑیوں کے قومی کیمپ کا پہلا مرحلہ ان دنوں لاہور میں جاری ہے جس میں تین سیشن میں کھلاڑیوں کی تیاری جارہی ہے، پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ دوسرے میں اسکل پر توجہ مرکوز ہے جبکہ تیسرے سیشن میں پر یکٹس کرائی جارہی ہے۔ ہیڈ کوچ دانش کلیم نے بتایا ہے کہ کیمپ سے35کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا،

پابلو کوئنٹانیلا نے ڈاکار ریلی 2020 ء کا گیارہواں مرحلہ اپنے نام کر لیا

چلی کے موٹر سائیکل رائیڈر پابلو کائنٹانیلا نے ڈاکار ریلی میں بائیکس رائیڈرز مقابلوں کا گیارہواں مرحلہ جیت لیا۔ سعودی عرب میں جاری ڈاکار ریلی 2020 ء کے بائیکس رائیڈرز مقابلوں میں چلی کے بائیک رائیڈر پابلو کوئنٹانیلا نے گیارہویں مرحلے میں تمام حریفوں کی پچھے چھوڑتے ہوئے مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 9 منٹ اور 22 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ آسٹرین بائیک رائیڈر متھیاس واکنر نے مقررہ فاصلہ 4گھنٹے 9 منٹ اور 31 سیکنڈ میں طے کیا اور وہ 9 سیکنڈ کے فرق سے دوسری پوزیشن پر رہے جبکہ آرجنٹائن کے لوسیانو بیناویڈس نے مقرر فاصلہ 4گھنٹے 12منٹ اور10سیکنڈ میں طے کرکے 2منٹ اور 48سیکنڈ کے وقفے سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سعودی عرب میں یہ ڈاکار ریلی کا فیسٹول 5 جنوری 2020ء سے شروع ہوا تھا اور17 جنوری 2020ء کو اختتام پذیر ہوا۔

اولمپکس رنگز میزبان شہر ٹوکیو کے ساحل پر نصب

دنیا میں کھیلوں کے عظیم ترین میلے اولمپکس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ اس سلسلے میں پانچ رنگین دائروں پر اولمپکس کے مخصوص نشان بحری جہاز کے ذریعے ماڈل میزبان شہر ٹوکیو پہنچا دیا گیا۔ 50فٹ اونچے اور 100فٹ چوڑے دیوہیکل ماڈل کو ساحل پر نصب کردیا گیا ہے۔ کھیلوں کے کئی وینیوز اور اسٹیڈیم مذکورہ مقام کے ارد گرد ہیں۔ ان رنگز کی باقاعدہ افتتاحی تقریب اولمپکس شروع ہونے سے ٹھیک چھ ماہ قبل 24جنوری کو ہوگی۔ اسی روز سے آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ چھ ماہی کاؤنٹ ڈاؤن بھی شروع ہوگا۔ اولمپکس گیمز کا انعقاد جاپانی دارالحکومت میں 24جولائی سے نو اگست تک ہوگا۔

آسٹریلیا: جنگلات کی آگ نے کھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ نے آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو بھی پریشان کردیا ہے۔ پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راونڈ اور ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہوگئی، جبکہ روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا نے نمائشی میچ ادھورا چھوڑ دیا۔سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن بحران کا شکار ہے، وہاں جنگلات میں لگی آگ کے باعث فضا خطرناک حد تک آلودہ ہے جسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا جا رہا ہے۔ آلودہ فضا سے میلبرن میں موجود ٹینس کھلاڑیوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔20 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن کے کوالیفائنگ راونڈ اور ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے لیکن فضائی آلودگی کے باعث کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہو رہی ہے، آلودہ فضا اور دھوئیں کے باعث کھلاڑی کورٹ پر گِر بھی پڑے۔متاثرہ کھلاڑی ڈالیلا کا کہنا ہے کہ ان کا سانس لینا دشوار ہو گیا تھا، جبکہ ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا اور جرمن کھلاڑی لارا سیجمنڈ کے درمیان نمائشی میچ ادھورا ختم کردیا گیا۔اس صورتحال میں بعض حلقوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹر یلین اوپن کو ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔دوسری جانب اے ٹی پی پلیئرز کونسل کے صدر نوواک جوکووچ نے ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ اگر صورت حال میں بہتری نہیں آتی تو منتظمین کو ایونٹ موخر کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے، جبکہ ٹینس آسٹریلیا کے چیف کریگ ٹیلی ایونٹ کے انعقاد میں تاخیر کے امکان کو رد کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام تر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ آنے والے دنوں کے حوالے سے اچھی پیشگوئی ہے۔ میلبرن میں لوگوں کو خطرہ درپیش نہیں۔ اس لیے ایونٹ میں کسی تاخیر کی توقع نہیں کر رہے۔ پھر بھی حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

مزید : ایڈیشن 1