تعلیم کے فروغ سے معاشی، سماجی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں: گورنر سندھ

تعلیم کے فروغ سے معاشی، سماجی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں: گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ کے ذریعہ معاشی اور سماجی ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں مشنری ادارے تعلیم کے فروغ میں قابل تحسین کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے Sr. Berchmans کی زندگی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں معروف صنعت کار فضل دادا بھائی،پرنسپل سیکریٹر ی خاقان مرتضیٰ، ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری، کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی، معروف سماجی کارکن انصار برنی، معروف کھلاڑی اصلاح الدین اور شاہد خان آفریدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب میں Berchmans Sr. کی زندگی اور تعلیم کے فروغ میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کراچی میں قائم C.J.M قدیم مشنری اسکول تعلیم کے فروغ با لخصوص خواتین کی تعلیم میں منفرد کردار ادا کررہا ہے، 1951 ء میں قائم کردہ ادارہ CJM کی بانی ممبرBerchmans Sr. کی خدمات کو ہم خراج تحسین پیش کرنے آج سب جمع ہیں، Berchmans Sr. پاکستان میں 24 برس کی عمر میں آئی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی کے 58 برس تعلیم کے فروغ میں صرف کئے،یہ بات کہنا بہت آسان ہے کہ 70 برس کسی خدمت کے مشن میں کوئی صرف کررہا ہے لیکن اس کا عملی مظاہرہ کرنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کی تعلیم کے لئے حمایت، تعاون اور حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ خواتین بھی معاشی، سماجی، معاشرتی،تجارتی اور دیگر شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ CJM کے طلبہ کی کارکردگی، مختلف ایونٹس میں منفرد پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی مہارت نے مجھے انتہائی متاثر کیا ہے یہ اس بات کی دلیل ہے کہ طلبہ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے کر ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ Berchmans Sr.کی خدمات پر حکومت پاکستان نے انھیں ستارہ قائداعظم سے نواز ا جو پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کا واضح اعتراف بھی ہے بلا شبہ Berchmans Sr.نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف صنعت کار فضل دادا بھائی نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں Berchmans Sr.نے اپنی پوری زندگی لگادی ہے، وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہیں۔تقریب میں Sr.Berchmans کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں اسکول کی پرنسپل نے گورنرسندھ کو شیلڈ پیش کی۔جبکہ گورنرسندھ نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخار، کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کو شیلڈز دیں۔ تقریب میں بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔ تقریب میں گورنرسندھ نے کیک بھی کاٹا۔

مزید :

صفحہ اول -