پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ مڈل ایسٹ کے حالیہ متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو مسترد کرتی ہے:ملک سرفراز

پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ مڈل ایسٹ کے حالیہ متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو ...
پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ مڈل ایسٹ کے حالیہ متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو مسترد کرتی ہے:ملک سرفراز

  



جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ مڈل ایسٹ کے حالیہ متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیکر حقیقی تنظیم سازی کی جائے جبکہ من مانے فیصلوں سے پارٹی کمزور ہو گی۔ آج صورت حال یہ ہے کہ پورے مڈل ایسٹ نے پارٹی کے اورسیز چیپٹر (او آئی سی) کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ یہ پارٹی آئین کی نفی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے سابق عہدیدران کی جانب سے پریس کانفرنس میں کیا گیا، پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک مکہ مکرمہ کے سابق نائب صدر ملک سرفراز, سابق جنرل سیکرٹری سید خاقان, سابق میڈیا کوآرڈینیٹر وحید ربانی, سابق صدر یوتھ ونگ ارسلان شاہد, سابق صدر میڈیکل وِنگ انور جاوید اور سابق جنرل سیکرٹری یوتھ وِنگ اختر علی رانا شامل تھے. سابق عہیدیداروں نے واضح کیا کہ ہم پارٹی کے اندر رہتے ہوئے صیح کو صیح اور غلط کو غلط کہیں گے اور یہ پریس قطعاً پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ اس طریقہ کار کے خلاف ہے جس کے تحت مڈل ایسٹ میں نیشنل باڈی کا اعلان کیا گیا ہے.

گزشتہ تنظیم سازی کے وقت رجسٹرڈ ممبران کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر چکی تھی اور بعد میں بھی ممبرز رجسٹرڈ ہوتے رہے جس سے آئیندہ آنے والی تنظیم سازی میں توقع کی جا رہی تھی کہ رجسٹرڈ ممبران کی تعداد 25 سے 30 ہزار ہو جاۓ گی لیکن سیکرٹری او آئی سی کی غلط پالیسی اور براہِ راست مڈل ایسٹ کے عہدیداروں کے چناؤ نے اس تنظیم سازی کو نہ صرف متنازعہ بنایا بلکہ اس وقت رجسٹرڈ ممبران کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم ہے.پریس کانفرنس کے دوران سابق عہدیدران کا کہنا تھا کہ کارکنان کو جوڑ کر رکھنا از حد ضروری امر ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اوورسیز ورکرز نے ہر دور میں پارٹی کے لیۓ تگ و دو کی اور آئیندہ بھی اپنی پارٹی کے لیۓ کام اسی صورت میں جاری رکھ سکتے ہیں جب ان کا اعتماد بحال ہو.

پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے عہدیداران نے چیف آرگنائزر مڈل ایسٹ سیف اللہ خان نیازی اور سیکرٹری او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو فی الفور کالعدم قرار دیتے ہوۓ از سرِ نو ممبر شپ ڈرائیو کا اعلان کریں اور گزشتہ فارمولا کو اپناتے ہوۓ پہلے شہر شہر تنظیم کا قیام عمل میں لاتے ہوۓ ممبر کوارڈینیٹرز کی ووٹنگ سے ریجنل اور نیشنل باڈیز کو الیکٹ کریں.اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید : عرب دنیا