عوامی نیشنل پارٹی کا فردوس عاشق اعوان کو ’عینک‘ کانمبر تبدیل کرنے کا مشورہ

عوامی نیشنل پارٹی کا فردوس عاشق اعوان کو ’عینک‘ کانمبر تبدیل کرنے کا مشورہ
عوامی نیشنل پارٹی کا فردوس عاشق اعوان کو ’عینک‘ کانمبر تبدیل کرنے کا مشورہ

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نےمعاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ’’عینک ‘‘ کا نمبر تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان آٹے کے بحران کا الزام میڈیا پر لگا رہی ہیں کہ آٹا بحران میڈیا کا پیدا کردہ ہے،اُن کے اس  بیان پرتعجب ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے این پی کے سینئر رہنما زاہد خان کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق چشمے کا نمبر تبدیل کروا کے غریب عوام کے نظروں سے بحران کو دیکھے،پھر اِن کو معلوم ہو گا کہ آٹا کس بھاؤ پر بک رہا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ وزیر اعظم اور وزراء نہ کبھی بازار گئے نہ کبھی انھوں نے خرید و فروخت کی،اگر سلیکٹڈ وزراء بازار گئے ہوتے تو وہ ٹماٹر کی جگہ دہی کے استعمال کامشورہ نہ دیتے۔اُنہوں نےکہاکہ سلیکٹڈ ،سلیکٹڈ ہوتے ہیں وہ عوام کے ووٹ کے محتاج نہیں ہوتے اس لیےسلیکٹڈوزیراعظم اور سلیکٹڈ وزیر کو عوام کا دکھ درد نہیں،سلیکٹڈ حکومت نے عوام کے ساتھ ظلم رواں رکھا،سلیکٹڈ نے پارلیمنٹ کو بے اختیار بنا رکھا ہے۔ اُنہوں نےکہاکہ ملک میں مہنگائی اوربےروزگاری عروج پرہے،سب بحرانوں کی ذمہ داری سلیکٹڈ پرعائد ہوتی ہے،موجودہ سلیکٹڈ حکومت عوام کےقہر سےڈرے ،جس صورت حال کا عوام سامنا کر رہے ہیں، ایسا نہ ہو ملک میں انار کی نہ پھیل جائے،اگر ملک میں انار کی پھیلی تو اس کی ذمہ داری سیلیکٹڈ اور سیلیکٹرز پر عائد ہوگی۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد