’حکومت نے بہت بڑے کرپٹ مافیا کو چھٹی دے دی‘ سابق جرنیل نے سوال اٹھادیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر)امجد شعیب نے کہاہے کہ عمران خان کی مقتدر حلقوں کے ساتھ اگر نزدیکیاں تھیں تو اصولی تھیں اوراگر دوری ہے تو وہ بھی اصولی ہوگی۔
نجی نیوز چینل 92نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امجد شعیب نے کہا کہ لگتاہے کہ الیکشن میں دھاندلی والی بات دب گئی ہے ، اگر الیکشن جلدی کروا دیا جائے تو یہ ایک جمہوری عمل ہے ، اس پر کسی کواعتراض نہیں ہوناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس پر اعتراض کرسکتی ہے کہ ہم کووقت پورا کرنے دیا جائے لیکن اگر اتحادی ساتھ چھوڑجائیں تو نئے الیکشن بھی ہوسکتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)امجد شعیب کا کہنا تھاکہ عمران خان کی مقتدر حلقوں کے ساتھ اگر نزدیکیاں تھیں تو اصولی تھیں اوراگر دوری ہے تو وہ بھی اصولی ہوگی۔ اصل کام کارکردگی ہے جس پر آکر بات ختم ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ نہیں چلائی اور آرڈیننس کے ذریعے کام چلانے شروع کردیئے ، جب مافیانے حکومت کوبلیک میل کیا تو اس نے بہت بڑے کرپٹ مافیاکوچھٹی دیدی اور اپنے احتساب کے نعرے سے ہی پھر گئے ۔