کیا ایم کیو ایم کے لندن میں اب بھی رابطے موجود ہیں؟ فاروق ستار نے حیران کن بات کہہ دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم کے سینئررہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ پاکستان کے ادارے بڑی آسانی سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم سے کون لندن رابطے میں ہے؟ حکومت کے لئے اس کا پتہ چلانا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔
سماءنیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کے ادارے بڑی آسانی سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم سے کون لندن سے رابطے میں ہے؟ حکومت کے لئے اس کا پتہ چلانا کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے زکوٰة اور قربانی کی کھالوں کا سلسلہ بھی بند کردیا تاکہ ہم پر جو الزامات لگتے ہیں ، ان کاخاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اختر اوردیگر لوگ 1984میں کہاں پر رہتے تھے اور ان کی آمدنی کیا تھی لیکن آج ان کی آمدن کیا ہے اور یہ شفٹ ہوکر کہاں سے کہاں پہنچ گئے ہیں؟
فاروق ستار کا کہناتھا کہ میں نے چیلنج کیا کہ کارکنوں کی اسمبلی بلائیں اور اس کے سامنے رکھیں کہ ہم کہاں رہتے تھے اور کہاں پہنچ گئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جو جماعت مڈل کلاس ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور اس میں شہری وڈیرے پیدا ہوجائیں ! انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم کاتعلق ایم کیو ایم سے ہے لیکن ان کو وزارت پی ٹی آئی کی جانب سے ملی ہے ۔مجھے ہٹانے کی وجہ احتساب کا سخت نظام لانا تھا۔میں نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار نہیں کی تھی بلکہ طاقت کے زور پر میری رکنیت معطل کروائی گئی۔